پاک چین دوستی کو نئی بلندیوں پر لے جانے کے خواہاں ہیں: وزیراعظم شہباز شریف

Published On 15 August,2025 02:19 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ چین اور پاکستان کی دوستی دنیا میں منفرد مقام رکھتی ہے، دوستی کو نئی بلندیوں پر لے جانے کے خواہاں ہیں۔

وزیراعظم شہباز شہباز شریف سے چینی گارمنٹس کمپنی "چیلنج فیشن پرائیویٹ لمیٹڈ" کے وفد نے ملاقات کی۔

دوران ملاقات وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور چین ہر مشکل میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں، حکومت دونوں ممالک کی دوستی کو نئی بلندیوں پر لے جانے کی خواہاں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے اقتصادی تعلقات میں اضافہ باعث اطمینان ہے، خواہش ہے کہ چینی صنعتیں پاکستان میں اپنے یونٹس لگائیں، چیلنج فیشن گروپ کے پاکستانی مارکیٹ پر اعتماد کو سراہتے ہیں، چیلنج گروپ کی جانب سے خصوصی اقتصادی زون کا خیر مقدم کرتے ہیں۔

وزیر اعظم نے اقتصادی زون سے متعلق چیلنج گروپ کو سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

شہباز شریف نے کہا کہ ہم چین پاکستان اقتصادی راہداری کے صنعتی حصے کے فروغ کیلئے پر عزم ہیں، پاکستان شعبہ ٹیکسٹائل میں چین کی ترقی اور مہارت سے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے، جلد ہی چین اور پاکستان کی بزنس ٹو بزنس کانفرنس منعقد کی جائے گی۔