آئی ایم ایف گائیڈ لائن، حکومت توانائی کا گردشی قرضہ ختم کرنے کیلئے متحرک

Published On 22 August,2025 04:26 pm

کراچی: (دنیا نیوز) آئی ایم ایف کی گائیڈ لائن، حکومت توانائی کا گردشی قرضہ ختم کرنے کیلئے متحرک ہو گئی۔

حکومت آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی کو 87 ارب 70 کروڑ روپے کی خطیر رقم دے گی، آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی کو سرکلر ڈیٹ ریزولیشن پلان کے تحت 7ارب 70کروڑ روپے کی قسط ادا ہوگی۔

رپورٹ کے مطابق او جی ڈی سی ایل کو ٹرم فنانس سرٹیفکیٹس کے ذریعے رقم ادا کی جائے گی، حکومت آئندہ دس ماہ میں او جی ڈی سی ایل کو 76 ارب 60 کروڑ روپے ادا کرے گی۔

او جی ڈی سی ایل اُوچ پاور پلانٹ سے مستقبل قریب میں 80 ارب روپے کی وصولیاں بھی کرے گی، حکومت کو او جی ڈی سی ایل سے 10 فیصد شیئر پر منافع کی مد میں 42 ارب روپے موصول ہوئے۔

رپورٹ کے مطابق گردشی قرضوں کی وصولیوں سے تیل کی پیداوار بڑھانے کیلئے ای ایس پی اور آرٹیفیشل لفٹ سسٹم کو بہتر کیا جائے گا۔