چین کے ساتھ تمام قرضے رول اوور کرنے کی بات ہو چکی ہے: وزیر خزانہ

Published On 27 August,2025 05:04 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ چین کے ساتھ تمام قرضے رول اوور کرنے کی بات ہو چکی ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ رول اوور کے بغیر ہم آئی ایم ایف پروگرام میں نہیں جا سکتے، کرپٹو کرنسی کے حوالے سے تمام متعلقہ ادارے آن بورڈ ہیں۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ امریکہ کے ساتھ ٹیرف کے معاملات پر بڑی حوصلہ افزا بات چیت ہوئی ہے، آنے والے چند دنوں میں امریکہ کے ساتھ ٹیرف مذاکرات کے حوالے سے چیزیں سامنے آئیں گی۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ اس سال کے آخر تک پانڈا بانڈ کا اجرا کر دیا جائے گا، ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے ساتھ میٹنگ ہونی ہے جس میں انہوں نے ہمیں کریڈٹ گارنٹی دینی ہے۔

وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ سیلاب کی تباہ کاریوں کی اصل وجہ دریا کے کناروں پر تعمیرات ہیں، وزیراعظم نے بھی اس حوالے سے کہا ہے کہ دریا کے کنارے تعمیرات نہیں ہونی چاہئیں۔