نیا دن نیا ریکارڈ! سٹاک مارکیٹ میں انڈیکس ایک لاکھ 66 ہزار پوائنٹس کی حد پار کر گیا

Published On 30 September,2025 05:29 pm

کراچی: (دنیا نیوز) سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہونے سے پاکستان سٹاک مارکیٹ میں آئے روز ریکارڈ پر ریکارڈ بننے کا سلسلہ جاری ہے۔

کاروباری ہفتے کے دوسرے روز بھی کاروبار کے آغاز پر سٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی دیکھنے میں آئی جس سے ہنڈرڈ انڈیکس پہلی بار ایک لاکھ 66 ہزار پوائنٹس کی حد بھی عبور کر گیا۔

ٹریڈنگ کے دوران سٹاک مارکیٹ میں انڈیکس 2600 سے زائد پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ ایک لاکھ 66 ہزار 556 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔

تاہم کاروباری روز کے اختتام پر ہنڈرڈ انڈیکس 1645 پوائنٹس کے اضافے کیساتھ ایک لاکھ 65 ہزار 493 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔

خریداری کا رجحان اہم شعبوں میں دیکھنے میں آیا جن میں آٹو موبائل سمبلرز، کمرشل بینکس، کھاد سازی، تیل و گیس کی تلاش کرنے والی کمپنیاں، او ایم سیز، بجلی کی پیداوار اور ریفائنری شامل ہیں، اس کے علاوہ اے آر ایل، حبکو، او جی ڈی سی، پی او ایل، پی پی ایل، ایس این جی پی، ایس ایس جی سی، ایم سی بی، میزان بینک اور یو بی ایل بھی مثبت زون میں دکھائی دیئے۔

واضح رہے کہ گزشتہ کاروباری دن کے اختتام پر سٹاک ایکسچینج میں ہنڈرڈ انڈیکس ایک لاکھ 63 ہزار 847 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا تھا۔