حکمت عملی میں تاخیر، حکومت ترقیاتی منصوبوں کیلئے فنڈز مختص نہ کر سکی

Published On 22 October,2025 10:28 am

اسلام آباد: (مدثر علی رانا) حکومت فنڈز ریلیز حکمت عملی کے مطابق جولائی سے دسمبر تک 35 فیصد ترقیاتی فنڈز مختص نہ کر سکی، 350 ارب روپے کے بجائے صرف 330 ارب روپے ترقیاتی منصوبوں کے لیے فنڈز مختص کیے گئے۔

دستاویزات کے مطابق پہلی سہ ماہی کے دوران بھی 15 فیصد ترقیاتی فنڈز مکمل طور پر خرچ نہیں کیے جا سکے جبکہ سیلابی نقصانات اور ریونیو آمدن میں کمی کے باعث فنڈز میں کمی کی گئی۔

دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ حکومت نے اکتوبر سے دسمبر تک کے عرصے کے لیے 175 ارب روپے ترقیاتی منصوبوں کے لیے مختص کیے ہیں، فنڈز ریلیز اسٹریٹیجی کے مطابق پہلی سہ ماہی میں 15 فیصد اور دوسری میں 20 فیصد فنڈز مختص کرنا لازم ہوتا ہے تاہم مجموعی طور پر پہلی ششماہی میں 35 کے بجائے 33 فیصد فنڈز مختص کیے گئے۔

پلاننگ کمیشن نے تمام وزارتوں اور ڈویژنز سے دسمبر تک کے ترقیاتی اخراجات کی تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے اور پبلک فنانس مینجمنٹ ایکٹ اور فنڈز ریلیز اسٹریٹیجی پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت جاری کی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ تیسری سہ ماہی کیلئے ترقیاتی فنڈز حاصل کرنے سے قبل پہلی ششماہی کے اخراجات مکمل کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔