سردیوں میں گیس فراہمی میں سہولت یقینی بنانے کیلئے اقدامات کیے جائیں:علی پرویز

Published On 24 November,2025 07:39 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ سردیوں میں گیس فراہمی میں سہولت یقینی بنانے کے لیے تمام اقدامات کیے جائیں۔

وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک کی زیر صدارت سردیوں میں گیس لوڈ مینیجمنٹ کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا،ایم ڈی سوئی نادرن اور سوئی سدرن نے ملک بھر میں گیس دستیابی پر بریفنگ دی۔

علی پرویز ملک کا گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر عوام کو سردیوں میں گیس فراہمی میں سہولت یقینی بنانے کے لیے تمام اقدامات کیے جائیں، سوئی کمپنیوں کو عوام کی سہولت کے لیے ضروری ہدایات جاری کر دی ہیں۔

ایم ڈی سوئی نادرن نے کہا کہ آر ایل این جی گھریلو کنکشنز کے اجرا کا بھی جائزہ لیا گیا، اِس سال گھریلو گیس سپلائی پچھلے سال کے مقابلے میں بہت بہتر ہے، کھانے کے اوقات کے علاوہ بھی صبح پانچ بجے سے رات دس بجے تک عوام کو گیس مسلسل مل رہی ہے۔

علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ سپلائی میں بہتری عوامی سہولت کو مد نظر رکھتے ہوئے کی گئی ہے، اجلاس میں پٹرولیم ڈویژن، سوئی نادرن، سوئی سدرن اور اوگرا حکام شریک ہوئے۔