اسلام آباد:(دنیا نیوز) حکومت نے کرشنگ سیزن 15 نومبر سے شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وفاقی دارالحکومت میں وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین کی زیرِ صدارت شوگر ایڈوائزری بورڈ کا اجلاس ہوا ، جس میں ملک میں چینی سمیت مختلف اُمور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے رانا تنویر حسین کا کہنا تھا کہ دوران اجلاس شوگر ایڈوائزری بورڈ نے کرشنگ سیزن 15 نومبر سے شروع کرنے کا فیصلہ کیا ، فیصلہ تمام صوبوں اور پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن سے مشاورت کے بعد کیا گیا۔
اُنہوں نے کہا کہ جو شوگر مل مقررہ تاریخ پر کرشنگ شروع نہیں کرے گی اس کے خلاف کارروائی ہوگی، کسانوں کو واجبات کی ادائیگی کرشنگ کے آغاز سے قبل یقینی بنائی جائے گی۔
وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ کا کہنا تھا کہ حکومت کسانوں کے مفاد میں فیصلے کر رہی ہے تاکہ ان کا استحصال نہ ہو، بروقت کرشنگ سے گنے کے کاشتکاروں کو سہولت ملے گی۔
دوسری جانب رانا تنویر حسین کا مزید کہنا تھا کہ فیصلہ کسانوں کے مفاد اور مارکیٹ میں چینی کی بروقت فراہمی کے لئے کیا گیا۔



