زرعی، ماحولیاتی اور سیلابی ہنگامی حالات بارے کابینہ کمیٹی کا پہلااجلاس، 3 ٹاسک فورسز قائم

Published On 06 October,2025 07:37 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) زرعی ، ماحولیاتی اور سیلابی ہنگامی حالات سے متعلق کابینہ کمیٹی کا پہلا اجلاس ہوا۔

اجلاس کی صدارت وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کی جس میں وزیرِ اعظم کی ہدایت پر کمیٹی احسن اقبال کی کنوینر شپ میں تشکیل دی گئی،اجلاس میں وفاقی وزراء مصدق ملک، اویس لغاری، میاں ریاض حسین کے علاوہ متعلقہ محکموں کے اعلیٰ حکام شرکت تھے۔

اجلاس میں روایتی فصلوں سے ہٹ کر زیادہ منافع بخش فصلوں کی کاشت پر زور دیا گیا اور کینولا جیسی ہائی ویلیو فصلیں کسانوں کے لیے بہتر منافع کا ذریعہ بنانے، کسانوں کے لیے بغیر سود قرضوں کی سکیموں کے تسلسل کی ہدایت کی گئی۔

شرکا نے موسمیاتی خطرات سے تحفظ کے لیے نجی انشورنس نظام متعارف کرانے پر زور دیا اور کینولا بیج آئندہ 15 دنوں میں کسانوں کو فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

دوسری جانب احسن اقبال کی ہدایت پر 3 خصوصی ٹاسک فورسز قائم کی گئی ، ٹاسک فورس زرعی امداد و بیجوں کی فراہمی کی ذمہ داریاں ادا کرے گی اورموسمیاتی تبدیلی کے اثرات و مزاحمتی حکمتِ عملی پر کام ہوگا،ٹاسک فورسز 15 دن میں تفصیلی رپورٹس وزیرِ اعظم کو پیش کریں گی۔

اجلاس کے شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ کسانوں کو قلیل، درمیانی اور طویل المدتی ریلیف حکومت کی اولین ترجیح ہے، متاثرہ کسانوں کو آئندہ ربیع سیزن سے پہلے مکمل امداد فراہم کی جائے۔

احسن اقبال کا مزید کہنا تھا کہ صوبائی و وفاقی حکومتیں مل کر متاثرہ کسانوں کو معاوضہ فراہم کریں، نارووال میں 5 ہزار ایکڑ پر کینولا بیج کا پائلٹ منصوبہ شروع ہے،یہ عمل کرنے کا وقت ہے، تاخیر کی کوئی گنجائش نہیں، ماحولیاتی تبدیلی وقتی نہیں، مستقل خطرہ بن چکی ہے۔