لاہور: (مدثر علی رانا) سال 2025 میں پاکستان کی معاشی صورتحال میں مہنگائی کی شرح مجموعی طور پر کم رہی، لیکن سال کے آخر میں خوراک کی قیمتوں میں اضافے سے 6 فیصد کے قریب پہنچ گئی۔
ادارہ شماریات کے مطابق ایک سال کے دوران چینی فی کلو 16.32 فیصد مہنگی ہوئی، چینی کی فی کلو قیمت 137.33 روپے سے 159.54 روپے تک دستیاب ہے،سال 2025 میں چینی کی زیادہ سے زیادہ قیمت 229 روپے فی کلو تک ریکارڈ کی گئی۔
بیس کلو آٹے کا تھیلا 56.22 فیصد مہنگا ہوا، سال پہلے قیمت 1794 روپے 93 پیسے تھی جو اب 2199 روپے 25 پیسے تک ہے۔
ایک سال میں زندہ برائلر مرغی 3.8 فیصد مہنگی ہوئی، زندہ برائلر چکن کی قیمت 409 روپے 22 پیسے فی کلو تھی، جو 424 روپے 89 پیسے فی کلو رہی، بیف کی قیمت 85۔1026 روپے تھی جو اب 1160.46 روپے ہو چکی ہے، ایک سال میں گڑ 12.5 فیصد مہنگا ہوا گڑ کی قیمت 208.16 روپے تھی جو اب 210.34 روپے ہوگئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق کیلے 11.2 فیصد اضافے کیساتھ 119.5 روپے سے 132.43 روپے تک ہیں، پسی ہوئی مرچ 10.3 فیصد مہنگی قیمت 320 سے 352.99 تک ہے، انڈے 9.7 فیصد مہنگے ہوئے قیمت 337.22 روپے تھی جو سال بعد 369.96 روپے ہے۔
سال میں مٹن 7.4 فیصد مہنگا ہوا، مٹن سال قبل 196.52 روپے تھا اب 2109.44 تک ہے، بیف سال قبل 1026.85 روپے تھا جو اب 1160.46 روپے کلو میں دستیاب ہے، باسمتی چاول 5.5 فیصد اضافے سے 203.34 روپے سے 214.45 روپے کلو ہو چکے۔
رپورٹ کے مطابق دودھ 3.8 فیصد، دہی 3.5 فیصد مہنگا ہوا، سال قبل دودھ قیمت 197.4 روپے تھی جو 203.51 روپے فی لٹر ہوچکی ہے، سال قبل دہی 231.6 روپے تھا جو اب 239.21 روپے کا ہوچکا ہے ایک سال میں ڈھائی کلو گھی کا ٹن 4.7 فیصد مہنگا ہوا قیمت 1465.14 روپے سے 1533.55 روپے تک ہے۔
ایک سال میں گیس چارجز میں 29.85 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ جلانے والی لکڑی کی قیمت میں 11.02 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا، سال 2025 میں ٹماٹر 75 فیصد تک سستے ہوئے قیمت 255 روپے سے 64.2 روپے فی کلو تک ہے۔
ادارہ شماریات کے مطابق ایک سال کے دوران آلو 50 فیصد تک سستے ہوئے، قیمت 113.8 روپے کلو تھی اب 56.78 روپے کلو ہے، جبکہ لہسن 38 فیصد سستا ہوا قیمت 688.64 روپے کلو تھی جو اب 425.81 روپے کلو ہے۔
2025 میں دال مونگ 1 فیصد، دال مسور 6.6 فیصد تک سستی ہوئی ہے، دال چنا 30 فیصد، دال ماش 13 فیصد سستی ہوئی۔
رپورٹ کے مطابق ایک سال میں پیاز 29 فیصد سستے قیمت 129.13 روپے سے 91.39 روپے فی کلو تک ہے، 190 گرام چائے کا پیکٹ 18 فیصد سستا ہوا ہے، 14 واٹ کا انرجی سیور 18 فیصد سستا ہوا،جبکہ ماچس کی ڈبی 6 روپے 24 پیسے کی سطح پر برقرار رہی۔



