وزرا، بیوروکریٹس کیلئے 114 کروڑ کی نئی گاڑیاں خریدنے کا فیصلہ

وزرا، بیوروکریٹس کیلئے 114 کروڑ کی نئی گاڑیاں خریدنے کا فیصلہ

ٹرانسپورٹ ونگ نے کابینہ کے لئے گاڑیوں کی خریداری پر سفارشات حکومت کو پیش کر دیں جس میں پنجاب کابینہ کے لیے 30 کروڑ روپے سے 28 نئی گاڑیاں خریدنے کی تجویز ہے۔

ذرائع محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی کے مطابق کابینہ کے لئے ایک لینڈ کروزر، دو ہیول ون پوائنٹ فائیو، 5 گرینڈی الٹس، 10 ٹویوٹا الٹس اور 10 ٹویوٹا یارس شامل ہیں۔

2 وزرا کے لیے 4 کروڑ روپے مالیت کی 2 بلٹ پروف فور بائے فور ڈالے بھی خریدے جائیں گے، بلٹ پروف گاڑیوں کی خریداری کی اجازت حکومت پہلے دے چکی ہے۔

ذرائع کے مطابق وی آئی پیز کی سکیورٹی کے لیے 27 کروڑ روپے مالیت کی 25 گاڑیاں خریدنے کی سفارشات منظور ہوچکی ہیں۔

چیف منسٹر انسپکشن ٹیم کے لیے 53 کروڑ روپے کی گاڑیاں خریدی جائیں گی، انسپکشن ٹیم کے لیے 30 ڈبل کیبن ڈالے، 11 یارس اور 3 الٹس گاڑیاں خریدنے کی تجویز ہے۔

انسپکشن ٹیم کے لئے گاڑیوں میں سوزوکی کلٹس اور موٹر سائیکل بھی شامل ہیں، حکام کے مطابق سفارشات کی منظوری کے بعد خریداری کا عمل شروع ہوگا۔