بیز ویکس فاؤنڈیشن شیٹ مینوفیکچرنگ یونٹ شہد بانی کیلئے اہم پیش رفت ہے: رانا تنویر حسین

بیز ویکس فاؤنڈیشن شیٹ مینوفیکچرنگ یونٹ شہد بانی کیلئے اہم پیش رفت ہے: رانا تنویر حسین

رانا تنویر حسین نے یہ بات نیشنل ایگریکلچرل ریسرچ سینٹر (این اے آر سی) میں پاکستان کے پہلے ہائی ٹیک خودکار بیز ویکس فاؤنڈیشن شیٹ مینوفیکچرنگ یونٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ شہد کی مکھیاں زرعی پیداوار اور غذائی تحفظ میں اہم کردار ادا کرتی ہیں، جبکہ جدید یونٹ کے قیام سے پاکستان میں شہد بانی کے شعبے کو فروغ ملے گا، مقامی سطح پر بیز ویکس فاؤنڈیشن شیٹس کی تیاری سے شہد بانوں کو سہولت اور معاشی فائدہ حاصل ہوگا۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ جدید ٹیکنالوجی کو ملک بھر کے شہد بانوں تک پہنچانا ضروری ہے، پاکستان میں اعلیٰ معیار کے مختلف اقسام کے شہد کی پیداوار کی وسیع صلاحیت موجود ہے، اس لیے پاکستانی شہد کی عالمی منڈیوں تک رسائی بڑھانے پر خصوصی توجہ دینا ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ شہد کی برآمدات میں اضافے کے لیے معیار، ٹریس ایبلٹی اور بہتر پیکیجنگ ضروری ہے، جبکہ یورپ، جاپان اور شمالی امریکہ کی اعلیٰ قدر والی منڈیوں تک رسائی پاکستان کا ہدف ہونا چاہیے، شہد کی ویلیو ایڈیشن کے ذریعے کسانوں اور کاروباری طبقے کی آمدن میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔

رانا تنویر حسین نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ شہد بانی کو ایک ابھرتے ہوئے زرعی کاروبار کے طور پر اپنائیں، انہوں نے پاکستان اور ترکیہ کے دوستانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کی دوستی باہمی احترام اور تعاون پر قائم ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ٹیکا کا پاکستان کے زرعی اور دیہی ترقی کے شعبے میں تعاون قابل قدر ہے، جبکہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان زرعی تحقیق اور دیہی ترقی کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دی جائے گی۔