کرکٹ میچ کے دوران گیند لگنے سے ایمپائر ہلاک

Published On 30 Nov 2014 07:03 PM 

آسٹریلوی کھلاڑی فل ہیوز کے مرنے کے بعد اب کرکٹ میچ کے دوران گیند لگنے سے اسرائیلی امپائر ہلاک ہو گیا۔

یروشلم: (ویب ڈیسک) آسٹریلوی کھلاڑی فل ہیوز کے مرنے کے بعد اب اسرائیل کے شہر اشدود میں ایک کرکٹ میچ کے دوران گیند لگنے سے ایک ایمپائر ہلاک ہو گیا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ایک فاسٹ بائولر کو لگائے جانے والے تیز رفتار شاٹ پر گیند پہلے وکٹ سے ٹکرائی اور پھر امپائر کو جا لگی۔ یہ واقعہ آسٹریلوی کرکٹر فلپ ہیوز کی موت کے دو دن بعد پیش آیا ہے۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی کرکٹ ایسوسی ایشن نے اس ایمپائر کا نام ہلیل آسکر بتایا ہے۔ ان کی عمر 55 سال تھی اور وہ اسرائیل کی قومی ٹیم کے کپتان بھی رہ چکے تھے۔ اطلاعات کے مطابق ان کی موت کے بارے میں مختلف النوع خبریں آ رہی ہیں۔ بعض کا کہنا ہے کہ گیند ان کے چہرے پر لگی تھی جبکہ بعض کا کہنا ہے کہ گیند سینے پر لگی تھی جس کی وجہ سے انھیں دل کا دورہ پڑنے سے موت واقع ہوئی ہے۔ بہرحال انھیں فوری طور پر شہر کے ہسپتال لے جایا گیا لیکن ڈاکٹر اسے ہوش میں لانے میں کامیاب نہ ہوسکے۔ واضع رہے کہ اسرائیل میں کرکٹ مقبول کھیل نہیں ہے لیکن وہاں غیر پیشہ ورانہ لیگ منعقد کی جاتی ہے جن میں بھارت، جنوبی افریقہ، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے کھلاڑی شرکت کرتے ہیں۔ واضح رہے کہ سڈنی میں ہونے والے ایک فرسٹ کلاس میچ کے دوران ایک بائونسر لگنے سے ہیوز کے سر پر چوٹ آئی تھی اور وہ زخموں کی تاب نہ لا سکے تھے۔