کراچی (دنیا نیوز ) پی ایس ایل فائنل کے لیےکراچی والوں نے ٹکٹ خریدلیے اور بے قراری بھی اپنی جگہ ہے لیکن گرائونڈ میں جاکر میچ دیکھنے کے لیے شہریوں کے لیے امتحاں ابھی اور بھی ہیں۔ ملک کا سب سے بڑا کرکٹ ایونٹ پی ایس ایل، کراچی میں پاکستان سپر لیگ کے فائنل کیلئے بڑی تیاریاں جاری ہیں۔ سٹیڈیم میں داخلے کا وقت دوپہر بارہ بجے سے شام پانچ بجے تک ہے جس کے بعد دروازے بند کر دیئے جائیں گے۔
فائنل کے ٹکٹ حاصل کرنے والے زحمت سے بچنے کیلئے اہم چیزوں کا خیال رکھیں۔ سب سے پہلے اپنی گاڑیاں مقررہ پارکنگ ایریا، حکیم سعید پارک گرائونڈ، اردو یونیورسٹی گرائونڈ اتوار بازار گرائونڈ، غریب نواز فٹ بال گرائونڈ، کے ایم سی گرائونڈ، کے ڈی اے کلب اور چائنہ گرائونڈ میں پارک کریں۔ یہاں صرف وہ لوگ جا سکیں گے جن کے پاس پی ایس ایل فائنل کا ٹکٹ اور اصل شناختی کارڈ ہوگا۔ گاڑی پارک کرنے کے بعد مردوں اور خواتین کی الگ الگ تلاشی ہوگی۔ تلاشی کے بعد آپ نے مفت شٹل سروس کے ذریعے پارکنگ ایریا سے ڈسیم بارکنگ ایریا تک پہنچنا ہے جہاں ایک بار پھر تلاشی ہو گی جس کے بعد نیشنل سٹیڈیم تک جانے کی اجازت ہو گی۔
اب آپ ڈسیم بارکنگ ایریا سے پیدل نیشنل سٹیڈیم تک جا سکتے ہیں جبکہ معذور افراد بچوں اور بزرگوں کیلئے خصوصی بس کا اہتمام کیا گیا ہے۔ اب تیار ہو جائیے نیشنل سٹیڈیم میں داخلے کیلئے۔ ٹکٹس اور قومی شناختی کارڈ دکھایئے اور اپنی نشست پر بیٹھ جائیں۔ سندھ حکومت کی ہدایت کے مطابق شائقین موبائل فون کے علاوہ کوئی چیز سٹیڈیم میں نہیں لے جاسکتے۔ سٹیڈیم کے باہر کھانے پینے کے سٹالز موجود ہونگے۔۔ جہاں پر کنٹرولڈ پرائس میں اشیا دستیاب ہونگی۔
ایک اور چیز کی تسلی کر لیں، سٹیڈیم میں اسلحہ، آتشی سامان، چھری، ماچس، ریڈیو وغیرہ کسی صورت نہیں لے جا سکتے۔ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ریپڈ رسپانس یونٹ، ایٹی رائیٹ فورس ، ہیلی کاپٹر، ایمبولینس، فائر بریگیڈ سٹیڈیم کے اطراف موجود ہونگے۔ قوائد کی پابندی کیجیئے اور بڑے میچ کو خوب انجوائے کریں کیونکہ شاندار آتش بازی، میوزیکل ایونٹ، فوڈ کورٹس اور بہت کچھ آپ کا منتظر ہے۔