لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان کرکٹ ٹیم نے دوسرے پریکٹس میچ میں نارتھمپٹن شائر کے دوسو انسٹھ رنز کے جواب میں چھ رنز بنا لیے۔
نارتھمپٹن شائر کاؤنٹی کے خلاف پاکستان کا دوسرا پریکٹس میچ جاری ہے۔ ابتدائی روز میزبان ٹیم نے ٹوٹل کو دو سو انسٹھ رنز تک پہنچایا۔ وکٹ کیپر بیٹسمین روسنگٹن نوے رنز کے ساتھ نمایاں رہے ۔ نوجوان گگلی بولر شاداب خان نے چھ شکار کر کے تہلکا مچا دیا جبکہ راحت علی کے حصے میں دو وکٹیں آئیں۔ حارث سہیل نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
جواب میں پاکستانی اوپنر میدان میں آئے۔ چار اعشاریہ تین اوور میں بغیر کسی نقصان کے چھ رنز بنائے۔ سرفراز الیون کو میزبان ٹیم کی برتری ختم کرنے کے لیے مزید دو سو ترپن رنز درکار ہیں۔ اظہر علی اور امام الحق تین تین کے انفرادی اسکور کے ساتھ دوسرے دن کا کھیل شروع کریں گے۔