ٹیسٹ کرکٹ میں آمد کے بعد آئرلینڈ کا پہلا میچ پاکستان کے خلاف

Last Updated On 10 May,2018 09:21 pm

لاہور: (دنیا نیوز) آئرلینڈ کی تاریخ کے اولین ٹیسٹ پر آئرش کرکٹرز پرجوش ،میچ کو خواب قرار دے دیا۔ پاکستان ٹیم نے بھی کمر کس لی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان تاریخی مقابلہ کل سے شروع ہو گا۔

پاکستان اور آئرلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان ٹیسٹ میچ، جو آئرش قوم کے لیے انتہائی یادگار ہے، وہ جمہوریہ آئرلینڈ کے دارالحکومت ڈبلن کے نواحی ساحلی علاقے مَلہائیڈ (Malahide) میں کھیلا جا رہا ہے۔ سن 2017 میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے آئرلینڈ اور افغانستان کو ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے کا اہل قرار دیا تھا۔ آئرلینڈ کی ٹیم اپنا اولین میچ پاکستان کے خلاف جبکہ افغانستان کی ٹیم بھارت کے خلاف کھیلے گی۔ بھارتی ٹیم اور افغانستان کے درمیان میچ رواں برس چودہ جون کو بینگلُورُو (بنگلور) میں کھیلا جائے گا۔ آئرلینڈ اور پاکستان کے درمیان ٹیسٹ سیریز کی ٹرافی کی تقریب رونمائی ہو گئی ، دونوں کپتانوں کی شرکت سے جوش بڑھ گیا۔ سرفراز احمد نے آئرش ٹیم کے افتتاحی ٹیسٹ کو خوش آئند قرار دے دیا۔

کئی آئرش کھلاڑی انگلش ٹیم کا حصہ رہنے کے علاوہ انگلش کاؤنٹی کرکٹ بھی کھیلتے رہے ہیں۔ آئرش کرکٹ بورڈ کو اس ٹیسٹ میچ کے حوالے سے تشویش کا بھی سامنا ہے۔ پاکستان کے خلاف ٹیسٹ کھیلنے والی ٹیم کے چھ بہترین کھلاڑی تیس برس کی عمر کو عبور کر چکے ہیں۔ انگلستان کی موجودہ ایک روزہ ٹیم کے کپتان آئن مورگن بھی آئرش ہیں۔ انگلش کاؤنٹی میں کھیلنے والے دو مشہور کھلاڑیوں نے آئرلینڈ کو ٹیسٹ اسٹیٹس ملنے کے بعد اپنے ملک کی طرف سے کھیلنے کا انتخاب کیا ہے۔ ان میں ایڈ جوائسر اور بوائیڈ رینکن شامل ہیں۔ ان دونوں کو آئرش کرکٹ بورڈ نے پاکستان کے خلاف ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے والی ٹیم میں شامل کر لیا ہے۔

کرکٹ آئرلینڈ کے چیف ایگزیکٹو وارن ڈوئٹورم کو پہلے ٹیسٹ میچ کے انعقاد پر تشویش بھی ہے کیونکہ اس انداز کا میچ پہلی مرتبہ اُن کے ملک میں منعقد کیا جا رہا ہے۔ توقع ہے کہ مَلہائیڈ گراؤنڈ میں ایک بڑی تعداد میں آئرش عوام شریک ہوں گی۔