لیسٹر( روزنامہ دنیا )قومی کرکٹ ٹیم کے نوجوان اوپننگ بیٹسمین امام الحق کا کہنا ہے کہ وہ پاکستان کیلئے کھیلتے ہوئے دباؤ کے عادی ہو گئے ہیں اور یہ ممکن ہی نہیں ہے کہ وہ انضمام الحق سے اپنا خون کا رشتہ بدل ڈالیں۔
سابق قومی کپتان رمیز راجہ سے گفتگو کرتے ہوئے امام الحق کا کہنا تھا کہ وہ انضمام الحق سے اپنا خون کا رشتہ تبدیل نہیں کر سکتے تاہم وہ تنقید کرنے والوں کے منہ اپنی کارکردگی سے ضرور بند کر سکتے ہیں کیونکہ یہ حقیقت اب تبدیل نہیں ہو سکتی کہ میں ان کا بھتیجا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ جب انہیں ون ڈے ٹیم کیلئے پہلی بار منتخب کیا گیا تو ان پر بہت زیادہ پریشر تھا لیکن بہترین کارکردگی نے ان کا حوصلہ بڑھا دیا لہٰذا اب وہ انگلینڈ کیخلاف بہترین پرفارمنس کی جانب دیکھ رہے ہیں اور انہیں امید ہے کہ وہ کسی کو بھی مایوس نہیں کریں گے ۔
گزشتہ برس امام الحق نے سری لنکا کیخلاف اپنا ون ڈے کیریئر سنچری کے ساتھ شروع کیا تھا حالانکہ ان کے انتخاب کو سلیکشن کی جانب سے اقربا پروری سے تعبیر کیا گیا تھا۔