دوسرا ٹی ٹونٹی: پاکستان کا سکاٹ لینڈ کو جیتنے کیلئے 167 رنز کا ہدف

Last Updated On 13 June,2018 09:53 pm

ایڈنبرا: (ویب ڈیسک) ایڈنبرا میں سکاٹ لینڈ کے خلاف دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں شعیب ملک کی بہترین بلے بازی، پاکستان نے سکاٹ لینڈ کو جیتنے کے لیے 167 رنز کا ہدف دیا ہے۔ پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 166 رنز سکور کیے۔

کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، پاکستان کی جانب سے فخر زمان اور احمد شہزاد نے ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا اور پہلی وکٹ 60 رنز کے مجموعی اسکور پر گری، احمد شہزاد 24 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین واپس لوٹے۔

اگلے ہی اوور میں فخرزمان بھی 33 رنز بنا کر آوٹ ہوگئے، جس کے بعد طلعت حسین اور کپتان سرفراز احمد بیٹنگ کے لیے آئے تاہم سرفراز گزشتہ میچ کی طرح کارکردگی نہ دکھا سکے اور جلد آوٹ ہو کر پولین لوٹ گے۔ تاہم شعیب ملک ناقابل شکست 49 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلنے میں کامیاب رہے جس میں 5 چھکے بھی شامل تھے۔

ایڈنبرا میں پاکستان اور سکاٹ لینڈ کے درمیان دو ٹی 20 انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے سکاٹ لینڈ کو 48 رنز سے شکست دی تھی۔گرین شرٹس کو سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہے۔ کپتان سرفراز احمد دوسرے میچ میں بھی کامیابی کے ساتھ سیریز اپنے نام کرنے کے خواہاں ہیں۔