میچ سے قبل ہی فخر کو ڈبل سنچری کا کہہ دیا تھا، مکی آرتھر

Last Updated On 22 July,2018 06:00 pm

بولاوایو: (ویب ڈیسک) مکی آرتھر کی حوصلہ افزائی فخر زمان کیلیے ڈبل سنچری بنانے کی وجہ بن گئی۔ ہیڈ کوچ مکی آرتھر کا کہنا ہے کہ صبح میدان میں داخل ہوتے وقت اوپنرسے کہہ دیا تھا کہ آج بڑی اننگز کھیلتے ہوئے یہ کارنامہ سرانجام دو گے، فخر نے گرائونڈ میں چاروں طرف اسٹروکس کھیلے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے کہا کہ کھلاڑیوں کا غلطیوں سے سبق سیکھتے ہوئے اپنی کارکردگی میں مسلسل بہتری لانا ٹیم کیلیے نیک شگون ہے۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ گرین شرٹس اپنی منزل کی جانب گامزن ہیں، ہم اس کامیابی اور ریکارڈز کی خوشی منائیں گے لیکن ابھی بہت کچھ کرنا باقی ہے، پانچویں ون ڈے میں مزید حیران کن کارکردگی کے ساتھ ایسی ہی مزید اننگز کے منتظر رہیں۔

یاد رہے کہ چوتھے ون ڈے میں فخر زمان نے زمبابوین بولرز کے چھکے چھڑاتے ہوئے ناقابل شکست 210رنز اسکور کیے، اوپنر ون ڈےکرکٹ میں ڈبل سنچری بنانے والے پہلے پاکستانی اور دنیا کے چھٹے بیٹسمین بنے،انھوں نے پاکستان کی جانب سے سب سے بڑی انفرادی اننگزکے ریکارڈ میں سعید انورکو بھی پیچھے چھوڑ دیا،سابق اوپنر1997میں چنئی میں کھیلے جانے والے میچ میں بھارت کیخلاف 194 رنز بناکر آؤٹ ہوئے تھے۔

فخر زمان ون ڈے انٹرنیشنلز میں سب سے کم اننگز میں 200 رنز بنانے والے پہلے بیٹسمین بھی بنے، پاکستانی اوپنر کے سوا ڈبل سنچری بنانے والے تمام 5 بیٹسمینوں نے کم از کم 100 اننگز کے بعد یہ کارنامہ انجام دیا، فخر زمان نے اس کلب میں شامل ہونے کیلیے صرف 17 اننگزکھیلیں۔ روہت شرما اور مارٹن گپٹل 103 ، وریندر سہواگ 234، کرس گیل 261 اور سچن ٹنڈولکر 431 ویں اننگز میں یہ سنگ میل عبور کرنے میں کامیاب ہوئے تھے۔

فخر زمان ایک اننگز میں سب سے زیادہ باؤنڈریز لگانے والے پاکستانی بیٹسمین بھی بن گئے،انھوں نے ناقابل شکست 210 رنز کی ریکارڈ ساز اننگز کے دوران 29 مرتبہ گیند کو باؤنڈری لائن کے باہر بھیجا،ان میں 24 چوکے اور 5چھکے شامل تھے۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ پاکستان کے سابق اوپنر سعید انور کے پاس تھا جب انھوں نے بھارت کے خلاف 194 رنز کی اننگز کے دوران 27 باؤنڈریز لگائی تھیں۔