پی سی بی کے جنرل باڈی اجلاس میں نجم سیٹھی پر اعتماد کا اظہار

Last Updated On 18 July,2018 07:54 pm

لاہور(اسپورٹس ڈیسک)پاکستان کرکٹ بورڈ کے سالانہ جنرل باڈی اجلاس میں چیئرمین نجم سیٹھی پر متفقہ طور پر غیر مشروط اعتماد کا اظہار کردیا گیا،تین سالہ مدت کے پہلے سال کی شاندار کامیابیوں پر مختلف علاقائی باڈیزکے منتخب صدور نے بورڈ کے سربراہ کو مبارکباد دی اورجنرل باڈی اجلاس میں موجود اراکین کی جانب سے مکمل حمایت اور تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی۔

ایسوسی ایٹ رکنیت کیلئے گوادر کرکٹ ایسوسی ایشن کی درخواست منظورکر لی گئی ،چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ انہوں نے عہدہ سنبھالنے کے بعد بورڈ میں پیشہ ورانہ تبدیلی اور اپروچ لانے کی حقیقی کوشش کے ساتھ انٹرنیشنل کرکٹ کو بھی بحال کرنے میں اپنا موثر کردار ادا کیا ہے۔

گزشتہ روز نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ہونے والے سالانہ جنرل باڈی اجلاس کے دوران علاقائی باڈیز کے صدور نے چیئرمین پی سی بی پر اظہار اعتماد کی قرار داد پیش کی جسے پوری جنرل باڈی نے بھرپور انداز سے منظور کر لیا۔ علاقائی صدور نے نجم سیٹھی کی ملک میں کرکٹ کے معاملات کو کامیابی سے چلانے پر اپنی مکمل حمایت اور تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے واضح کیا کہ انہوں نے تن تنہا پی یس ایل کا انعقاد کر کے اسے پاکستان کا پہلا انٹرنیشنل برانڈ بنایا اور ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کو بحال کر کے لاکھوں پرستار بنائے لہٰذا ان کے وژن اور ملک میں کھیل کے ایک نئے دور کے آغاز پر چیئرمین پی سی بی کو مکمل حمایت کا یقین دلاتے ہیں۔

دریں اثناء جنرل باڈی اجلاس کے دوران ایسوسی ایٹ رکنیت کیلئے گوادر کرکٹ ایسوسی ایشن کی درخواست بھی منظور کر لی گئی جس کے بعد جنرل باڈی اراکین نے پی سی بی کے سربراہ اور ان کے ساتھیوں کی کاوشوں پر انہیں مبارکباد بھی پیش کی جنہوں نے پاکستانی ٹیم کو ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں نمبر ایک ٹیم بنایا جبکہ پاکستان سپر لیگ کے انعقاد اور ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی سمیت بورڈ کے معاملات کو احسن انداز سے چلانے میں کامیابی حاصل کی۔ چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے ملک کے پسماندہ علاقوں میں کھیل کی ترقی کیلئے پچاس ملین کی خصوصی گرانٹ کا اعلان کیا جبکہ ریجنل اور ڈسٹرکٹ کرکٹ کے اخراجات میں سو ملین روپے کا اضافہ کر دیا حالانکہ اسی مقصد کیلئے گزشتہ مالی سال کے دوران صرف تین سو ملین روپے مختص کئے گئے تھے ۔

بورڈ کے سربراہ نے آئندہ سالانہ جنرل باڈی اجلاس سے قبل دو روزہ سیشن کی تجویز بھی پیش کی تاکہ جنرل باڈی اراکین کے درمیان مختلف معاملات پر اتفاق رائے پیدا کیا جا سکے اور ان کی یہ تجویز بھی متفقہ طور پر منظور کرلی گئی۔ جنرل باڈی اراکین نے پی سی بی کی جانب سے انٹر اسکول اور انٹر کلب ٹورنامنٹس کے اجراء کو سراہتے ہوئے مشورہ دیا کہ ان ٹورنامنٹس کے آئندہ ایڈیشنز کے انعقاد میں مزید بہتری پیدا کی جائے۔ چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے اپنی تین سالہ مدت کے پہلے سال کی تکمیل پر مختلف امور پر روشنی ڈالتے ہوئے واضح کیا کہ انہوں نے اپنا عہدہ سنبھالنے کے بعد بورڈ میں پیشہ ورانہ تبدیلی اور نئی اپروچ لانے کی حقیقی کوشش کے ساتھ ہی ملک میں انٹر نیشنل کرکٹ کی بحالی میں اپنا موثر کردار ادا کیا ہے جس میں کراچی اور لاہور میں انٹرنیشنل میچز کا انعقاد بڑی کامیابی ثابت ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ ورلڈ الیون کیخلاف تین میچز،سری لنکا کیخلاف ٹی ٹوئنٹی میچ ،ویسٹ انڈیز کیخلاف تین ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے ساتھ پاکستان سپر لیگ کے تین میچوں اور ایک گرینڈ فائنل کا ملک میں انعقاد عوام کیلئے خوشی کا باعث بنا جو بڑی کامیابی کہی جا سکتی ہے ۔انہوں نے ملک بھر میں جاری گیم ڈویلپمنٹ پروگرامز پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اکیڈمی کے کوچز بیک اپ صلاحیت کی بہتری کیلئے اپنا بھرپور کردار نبھا رہے ہیں اور اس حوالے سے ہائی پرفارمنس کیمپ لاہور کی نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں بھرپور انداز سے جاری ہے جبکہ ملک کے ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کو ملک بھر میں موجود اکیڈمیز میں تربیت کے مراحل سے گزارا جا رہا ہے ۔

نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ چھ فرنچائز کے ساتھ پی ایس ایل کی قدرو قیمت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور پاکستان سپر لیگ کا تخمینہ تین بلین روپے تک جا پہنچا ہے ۔انہوں نے مزید انکشاف کیا کہ آئندہ تین سالہ سائیکل کیلئے پی سی بی نے بڈنگ پراسس شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت ریکارڈ توڑ ذرائع آمدنی پیدا ہونے کی نشاندہی نیلسن اسپورٹس نے بھی کر دی ہے جو کھیلوں کی دنیا کا ممتاز تجزیہ کار ادارہ ہے ۔