اسلام آباد: (دنیا نیوز) ذیابیطس سروے 2016-17 میں انکشاف کیا گیا ہے کہ پاکستان میں شوگر کے مریضوں کی تعداد پونے 3 کروڑ کے قریب پہنچ چکی ہے۔ 20 سال سے زائد عمر کے ایک چوتھائی پاکستانی اس جان لیوا مرض میں مبتلا ہیں۔
پاکستان میں ذیابیطس کے مرض میں گزشتہ 20 سال کے دوران 3 گنا اضافہ، شوگر زدہ پاکستانیوں کی تعداد 2 کروڑ 74 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے۔ 20 سال سے زائد عمر کے ایک چوتھائی پاکستانی اس موذی مرض کا شکار ہیں۔ وفاقی وزیر قومی صحت نے ذیابیطس سروے 2016-17 کے نتائج پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ محمد یوسف شیخ نے یہ پریشان کن انکشاف بھی کیا کہ شوگر میں مبتلا پاکستانیوں میں سے 30 فیصد نوجوان ہیں۔ انہوں نے صورتحال کو خطرناک قرار دیا۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ ذیابیطس کی بیماری کو علم یا مہارت سے کم نہیں کیا جاسکتا۔ تاہم انہوں نے امید دلائی کہ پی ایچ آر سی شوگر کی روک تھام کیلئے حکمت عملی بنانے میں کامیاب ہو جائے گی۔