لاہور: (ویب ڈیسک) موٹاپا انسانی صحت کے لیے نقصان دہ ہے، جو متعدد امراض کی وجہ بنتا ہے اس سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لیے صرف ورزش ہی کافی نہیں بلکہ چند مزیدار مشروبات بھی وزن کم کرنے میں فائدہ مند ثابت ہوتے ہیں۔
جسمانی وزن میں کمی کے لیے غذا میں چند مشروبات کا اضافہ موثر ثابت ہوسکتا ہے۔ یہ مشروبات نظام ہاضمہ کے لیے بہترین ہوتے ہیں اور موٹاپے سے نجات میں مدد فراہم کرتے ہیں۔
لیموں اور ادرک کا مشروب
یہ جادوئی مشروب جسمانی وزن میں کمی کے لیے انتہائی سود مند ہے، آدھے لیموں کو نیم گرم پانی سے بھرے گلاس میں نچوڑیں اور پھر اس میں کدوکش کی گئی ادرک کی کچھ مقدار کا اضافہ کر دیں۔ ہر صبح نہار منہ اس مشروب کا استعمال کریں اور ایک سے 2 ماہ بعد اپنے وزن کو چیک کریں۔
دار چینی اور شہد
ایک چمچ شہد اور آدھا چائے کا چمچ دارچینی ایک گلاس گرم پانی میں ملا کر مکس کریں، اس میں اگر لیموں کے عرق کا اضافہ کردیا جائے تو چربی گھلانے کا عمل تیز کرنے میں مزید مدد مل سکتی ہے۔ دار چینی بے وقت بھوک کی روک تھام کرتی ہے جبکہ شہد میٹابولزم کو بہتر کرتا ہے۔
کھیرے اور پودینے کا مشروب
پانی سے بھرے ایک جگ کو لے کر اس میں کھیرے کے چند ٹکڑے اور پودینے کے پتوں کو ڈال دیں، اس کے بعد جگ کو کچھ دیر کے لیے چھوڑ دیں اور پھر سارا دن اس مشروب کو پیتے رہیں۔
سبز چائے
یہ کیلوریز فری مشروب ہے اور اس میں موجود اینٹی آکسائیڈنٹس اور دیگر اجزاء جسم میں فری ریڈیکلز بننے کے عمل کی روک تھام کرتے ہیں، جبکہ جسم کے اندر چربی گھلانے والے عمل کو متحرک کرکے کچھ عرصے میں موٹاپے سے نجات دلانے میں بھی مدد دیتا ہے۔