لاہور: (ویب ڈیسک) مصالحے اور جڑی بوٹیاں غذائی اعتبار سے تو اہم ہیں ہی لیکن ان کے بے شمار طبی فوائد بھی ہیں۔ دیگر مصالحوں اور جڑی بوٹیوں کی طرح ہلدی بھی مختلف امراض کے علاج میں معاون ثابت ہوتی ہے۔
ہلدی ادرک کی نسل کے پودے کی جڑ سے نکالی جاتی ہے. مصالحے دار اور گرم ہلدی اپنی تیز مہک اور زرد رنگ کی بدولت جانی جاتی ہے۔ ہلدی قدرتی طور پر جراثیم کش خصوصیات کی حامل ہے اور خراشوں، زخموں اور جلنے وغیرہ کے لیے مفید ہے۔ یہ ایک فوری مرہم کا کام کرتی ہے، خون کے لوتھڑوں کی روک تھام اور زخم پر لگانے کی صورت میں نئے خلیات کی افزائش میں مدد دیتی ہے۔
ہلدی جن امراض کے علاج میں مفید ثابت ہوتی ہے ان میں سر فہرست پیٹ کا درد ہے۔ جس شخص کے پیٹ میں ہوا بھر گئی ہو اور اس کی وجہ سے پیٹ میں اپھارہ آ رہا ہو، اس تکلیف کا اندازہ وہی شخص کر سکتا ہے جو اس مرض میں مبتلا رہ چکا ہو۔ ایسے موقع پر مریض کو ہلدی پسی ہوئی دو رتی اور نمک دس رتی ملا کر گرم پانی سے دیں۔ اس سے ہوا کے اخراج کے ساتھ پیٹ ہلکا ہو جاتا ہے۔ کئی روز تک استعمال کرنے سے ہاضمہ کی کمزوری بھی دور ہو جاتی ہے۔
منہ میں آبلے ہوں تو بھی ہلدی ان کے علاج میں مدد فراہم کرتی ہے، اس کے لیے ہلدی ایک تولہ کوٹ کر ایک سیر پانی میں ڈال کر جوش دیں۔ جب جوش آ جائے تو اتار کر سرد کریں۔ مریض کو ہدایت کر دیں کہ وہ اسی طرح پانی تیار کرکے صبح و شام غرارے کیا کرے۔ اس سے حلق، تالو اور زبان کے چھالے دور ہو جاتے ہیں۔
حلق کے زخم یا تالو میں زخم ہوں تو ایک سیر پانی میں ایک تولہ باریک پسی ہوئی ہلدی ملا کر جوش دیں۔ جب پاؤ بھر پانی باقی رہے تب چھان کر صبح و شام اس کے ساتھ غرارے کریں۔