فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی مہنگی ہونے کا خدشہ

Last Updated On 18 July,2018 04:50 pm

کراچی: (دنیا نیوز) پاور کمپنیوں نے جون میں استعمال ہونے والی بجلی پر فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 70 پیسے اضافے کی درخواست جمع کرا دی۔

ملک بھر کی پاور کمپنیوں نے بجلی کی قیمت میں 70 پیسے اضافے کی درخواست نیپرا میں جمع کرا دی۔ درخواست میں یہ مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ جون کے مہینے میں استعمال ہونے والی بجلی دیے گئے ٹریف کے مقابلے میں 70 پیسے فی یونٹ مہنگی پیدا ہوئی۔ بجلی کی قیمت میں اضافے کی درخواست کی سماعت 24 جولائی کو ہو گی۔ نیپرا سے منظوری کی صورت میں کے الیکٹرک کے صارفین اور ماہانہ 300 یونٹس استعمال کرنے والے صارفین پر اس فیصلے کا اطلاق نہیں ہوگا۔

ماہرین کے مطابق عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں اضافے اور ڈالر مہنگا ہونے سے آئندہ آنے والے مہینوں میں بجلی مزید مہنگی ہونے کا خدشہ ہے، جس سے پیداواری لاگت میں بھی اضافہ ہوگا۔