لاہور: (دنیا نیوز) ایشیا کپ کی تیاریاں قذافی سٹیڈیم میں جاری، پاکستان ٹیم نے کرکٹ کا ایشین چیمپئن بننے پر نظریں جمالیں، دبئی میں ٹرافی کی رونمائی کردی گئی۔
15 ستمبر سے یو اے ای کے میدانوں پر ایشیا کا کرکٹ چیمپئن بننے کی جنگ، دبئی میں ٹرافی کی رونمائی کردی گئی۔ ملائیشیا میں ہانگ کانگ نے یو اے ای کو ہرا کر 10 سال بعد ٹورنامنٹ کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے۔ 19 ستمبر کو پاک بھارت ہائی وولٹیج ٹاکرا ہوگا۔
دفاعی چیمپئن سری لنکا سب سے زیادہ 5 بار ایشین چیمپئن بنا، 4 مرتبہ ٹرافی بھارتی ٹیم کے حصے میں آئی، شاہینوں کو 2 بار ایشین چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل ہے۔
ایشیا کپ کیلئے 16 رکنی قومی ٹیم کا اعلان ہوچکا ہے، ٹیسٹ کے ناکام اوپنر شان مسعود بھی سکواڈ کا حصہ ہیں۔ یو اے ای کی سلو وکٹوں پر سلیکٹرز نے محمد عامر، حسن علی، عثمان خان، شاہین آفریدی، جنید خان اور فہیم اشرف سمیت 6 فاسٹ باؤلرز کا انتخاب کیا۔ اسپنرز میں شاداب خان اور محمد نواز شامل ہیں۔
بلے بازی میں بابراعظم، امام الحق، فخر زمان، شعیب ملک، آصف علی اور حارث سہیل جوہر دکھائیں گے۔ بلے باز فخرزمان نے ایشیاکپ میں روایتی حریف بھارت کے خلاف کھلاڑیوں کو ہوش سے کھیلنے کا مشورہ دیا ہے۔
قذافی سٹیڈیم میں پاکستان ٹیم کی پریکٹس کے ساتھ ساتھ ٹارگٹ میچ بھی کھیلے جارہے ہیں۔ کپتان سرفراز احمد نے وکٹ کیپنگ پر خصوصی توجہ دی۔
شاہینوں سے یو اے ای کے میدانوں پر پہلے ایشیا کپ میں بہت امیدیں وابستہ ہیں۔ توقع کی جارہی ہے کہ کھلاڑی چیمپئنز ٹرافی کی کارکردگی دہرائیں گے۔