علاقائی امن خطے میں عوامی مفاد کیلئے ضروری ہے، فواد چودھری

Last Updated On 03 September,2018 07:12 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) فواد چودھری نے کہا ہے کہ وزیرِاعظم عمران خان کہہ چکے ہیں کہ بھارت ایک قدم آگے بڑھے گا توہم دو قدم بڑھائیں گے۔

چودھری فواد حسین سے متحدہ عرب امارات کے میڈیا وفد کی ملاقات کی، وزیر اطلاعات نے وفد کو حکومتی ترجیہات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ قوم کا حوصلہ بلند ہے، تمام چیلنجز سے نمٹنے کیلئے پرعزم ہیں۔ ماحولیاتی آلودگی کے چیلنج سے نبرد آزما ہونا اولین ترجیح ہے۔ توانائی، ماحول، معیشت میں چیلنجز سے نمٹنے کیلئے جامع حکمت عملی اختیار کریں گے۔ انہوں نے وفد کو بتایا کہ وزیرِاعظم نے مختلف چیلنجز سے نمٹنے کیلئے 15 ٹاسک فورسز تشکیل دیں ہیں۔

وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا کہ پاکستان اور یو اے ای کے تعلقات تاریخی، ثقافتی اور اقتصادی ہیں، متحدہ عرب امارات نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا، پاکستان یو اے ای کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے، پاکستان باہمی احترام، مضبوط دوستی پر مبنی تعلقات کو خاص اہمیت دیتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بلدیاتی نظام میں اصلاحات کیلئے سنجیدگی سے غور کر رہے ہیں، نچلی سطح پر اختیارات کی منتقلی سے مسائل جلد ہوں گے۔

اماراتی وفد سے ملاقات میں پاکستان اور بھارت کے تعلقات پر بھی بات چیت کی گئی۔ فواد چودھری نے کہا کہ علاقائی امن خطے میں امن و ترقی، خوشحالی اور عوامی مفاد کیلئے ضروری ہے، وزیرِاعظم کہہ چکے ہیں کہ بھارت ایک قدم آگے بڑھے گا توہم دو قدم بڑھائیں گے۔
 

Advertisement