کراچی: (اسپورٹس ڈیسک) آسٹریلیا کیخلاف کل سے شروع ہونے والی دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کیلئے شاداب خان کی انجری کے سبب ڈبل لیگ اسپن اٹیک کا پاکستانی منصوبہ ناکام ہو گیا کیونکہ ہیڈ کوچ مکی آرتھر دو لیگ اسپنرز کو کھلانا چاہتے تھے، یاسر شاہ کے ساتھ آف اسپنر بلال آصف کو آزمانے کا امکان ہے جبکہ محمد حفیظ بھی بطور آل راؤنڈر اہم کردار نبھا سکتے ہیں،بائیں ہاتھ کے فاسٹ بالر میر حمزہ کو بھی کیپ ملنے کی توقع ہے جو محمد عباس کے ساتھ پیس اٹیک کی ذمہ داری سنبھالیں گے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستانی ٹیم کو کل سے دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں آسٹریلیا کیخلاف پہلے ٹیسٹ کیلئے میدان سنبھالنے سے پہلے دھچکا لگ گیا جب لیگ اسپنر شاداب خان انجری کے سبب پہلے ٹیسٹ سے باہر ہو گئے اور قومی ہیڈ کوچ کا دو لیگ اسپنرز ساتھ کھلانے کا منصوبہ عمل سے پہلے ہی ناکامی سے دوچار ہو گیا، مکی آرتھر نے انگلینڈ ٹور کے دوران اس بات کی نشاندہی کی تھی کہ وہ آسٹریلیا کیخلاف دو لیگ اسپنرز میدان میں اتاریں گے لیکن ایشیاء کپ کے دوران گروئن انجری میں مبتلا ہونے والے شاداب خان بروقت صحتیاب نہیں ہو سکے۔
ذرائع کاکہنا ہے کہ شاداب خان ابوظہبی میں دوسرے ٹیسٹ سے قبل فٹ ہو جائیں گے جن کی جگہ دبئی ٹیسٹ میں کیپ دے کر آف اسپنر بلال آصف کو آزمایا جائے گا جو تین سال قبل تین ون ڈے میچز کھیل چکے ہیں جبکہ ان کے ہمراہ اسپن بالنگ کے شعبے کو سہارا دینے کیلئے محمد حفیظ کو بھی حتمی الیون میں شامل کیا جاسکتا ہے جو دو سال میں پہلی بار کوئی ٹیسٹ میچ کھیلیں گے ۔ٹیم انتظامیہ محمد حفیظ سے بیٹنگ کے ساتھ ہی بالنگ میں بھی اچھی کارکردگی کا تقاضا کر رہی ہے کیونکہ آسٹریلین ٹیم کے ابتدائی چھ بیٹسمینوں میں تین بائیں ہاتھ کے کھلاڑی شامل ہیں اور ان کی آف اسپن بالنگ موثر ثابت ہو سکتی ہے کیونکہ چار سال قبل آسٹریلیا کیخلاف دو،صفر سے کامیابی میں یاسر شاہ،ذوالفقار بابر اور محمد حفیظ نے 40 میں سے 30 وکٹیں لے کر اہم کردار نبھایا تھا۔
یاد رہے کہ پاکستانی ٹیم میں دو لیگ اسپنرز ایک ساتھ کھلانے کا رجحان نیا نہیں کیونکہ عبدالقادر اور مشتاق احمد 90ئکے عشرے میں ویسٹ انڈیز کیخلاف ایک ساتھ کھیلے ،دو ہزار تین میں مشتاق احمد اور دانش کنیریا بھی ایک ساتھ کچھ میچوں میں آزمائے گئے اور آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے دانش کنیریا کے ساتھ سترہ ٹیسٹ میچوں میں حصہ لیا جبکہ اس سے قبل انتخاب عالم اور مشتاق محمد کے علاوہ وسیم راجہ اور مشتاق محمد بھی لیگ اسپنرز کی حیثیت سے ایک ساتھ کھیلے تھے اور اسی طرح اب بھی دو لیگ اسپنرز کو کھلانے کی منصوبہ بندی کی جا رہی تھی۔آسٹریلیا کیخلاف پہلے ٹیسٹ میں بائیں ہاتھ کے پیسر میر حمزہ کو بھی ٹیسٹ کیپ مل سکتی ہے جو محمد عامر کی عدم موجودگی میں محمد عباس کے ساتھ قومی پیس اٹیک کی ذمہ داری سنبھالیں گے تاہم وہاب ریاض پر بھروسہ کرنے کا امکان بہت کم ہے جو کینگروز کیخلاف ٹور میچ کے دوران کوئی خاص تاثر قائم نہیں کر سکے تھے۔