کراچی: (دنیا نیوز) ایمرجنگ ایشیا کرکٹ کپ میں شرکت کیلئے بنگلہ دیش اور ہانگ کانگ کی پندرہ رکنی ٹیمیں کراچی ائیر پورٹ پہنچ گئیں، ایمرجنگ ایشیا کی میزبانی رواں سال پاکستان اور سری لنکا مشترکہ طور پر کر رہے ہیں، ایونٹ کے میچز کولمبو اور کراچی میں کھیلے جائیں گے۔
ایمرجنگ ایشیا کرکٹ کپ شرکت کیلیے ہانگ کانگ کی ٹیم نجی پرواز کے ذریعے دبئی سے جبکہ بنگلہ دیش کی ٹیم دوہا سے کراچی پہنچی۔ ایمرجنگ ایشیا کی میزبانی رواں سال پاکستان اور سری لنکا مشترکہ طور پر کر رہے ہیں۔ ایونٹ میں گروپ اے کے میچز کولمبو جبکہ گروپ بی کے کراچی میں کھیلے جائیں گے۔ گروپ بی میں میزبان پاکستان کے علاوہ بنگلہ دیش، ہانگ کانگ اور یو اے ای شامل ہے، جن کے درمیان 6 میچز کراچی میں کھیلے جائیں گے۔
میچز کے لئے نیشنل سٹیڈیم اور ساؤتھ اینڈ گراؤنڈ ڈی ایچ اے کا انتخاب کیا گیا ہے۔ چھ دسمبر کو پاکستان کا مقابلہ ہانگ کانگ سے ہو گا جبکہ بنگلہ دیش کا یو اے ای سے ہوگا۔ سات دسمبر کو پاکستان کا میچ یو اے ای سے اور بنگلہ دیش کا ہانگ کانگ سے ہوگا۔ نو دسمبر کو گروپ بی کے آخری دن پاکستانی ٹیم بنگلہ دیش کا سامنا کرے گی۔ ہانگ کانگ اور متحدہ عرب امارات کی ٹیمیں بھی آمنے سامنے ہونگی۔