سینچورین: (دنیا نیوز) قومی کرکٹ ٹیم بارش میں پھسل کر تیسرا ون ڈے ڈک ورتھ اینڈ لوئیس میتھڈ پر محض 13رنز کے فرق سے گنوا بیٹھی، جنوبی افریقی سائیڈ کے 33 اوورز میں 2 وکٹوں پر 187رنز بھاری پڑ گئے، ریزا ہینڈرکس ناقابل شکست 83 کی بدولت مرد میدان قرار پائے، فاف ڈو پلیسز 40 پر ناٹ آؤٹ رہے۔
اس سے قبل گرین شرٹس کے 6 وکٹوں پر 317 رنز اور امام الحق کی سنچری رائیگاں چلی گئی، بابر اعظم 69، محمد حفیظ 52 اور عماد وسیم ناقابل تسخیر 43 بنا سکے۔ سپر سپورٹ پارک پر پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، فخر زمان 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے، بابر اعظم 69 رنز بنا سکے جبکہ محمد حفیظ نے 52 رنز کی اننگز کھیلی۔ امام الحق نے 8 چوکوں سمیت 101 رنز بنائے۔ شعیب ملک نے 31 اور عماد وسیم نے ناقابل شکست 43 رنز بنا کر پاکستان کو 6 وکٹوں پر 317 رنز تک پہنچا دیا لیکن اننگز کے دوران ابتدائی 30 اوورز میں محتاط بیٹنگ بعد میں ناکامی کا باعث بن گئی۔
ڈیل سٹین اور کگیسو ربادا نے 2، 2وکٹیں حاصل کیں۔ جوابی اننگز میں اگرچہ جنوبی افریقہ نے ابتدائی 2 وکٹیں 79 رنز پر گنوا دیں، ہاشم آملہ 25 اور کوئنٹن ڈی کوک 33 رنز تک محدود رہے لیکن آسان ہوتی وکٹ پر ریزا ہینڈرکس اور کپتان فاف ڈوپلیسز نے مختلف وقفوں سے ہونے والی بارش کے دوران 33 ویں اوور تک سکور 2 وکٹوں پر 187 رنز تک پہنچا دیا اور تیسری بار ہونے والی بارش نہ رکنے پر ڈک ورتھ اینڈ لوئیس میتھڈ کے تحت ہوم ٹیم 13رنز سے جیت گئی۔ ریزا ہینڈرکس 83 رنز بنا کر مرد میدان قرار پائے جبکہ فاف ڈو پلیسز نے بھی 40 رنز بنائے اور دونوں ناٹ آؤٹ رہے۔