آرمی چیف کا جنوبی افریقہ میں شاہینوں کے ڈریسنگ روم کا سرپرائز دورہ

Last Updated On 01 February,2019 01:03 pm

کیپ ٹاون: (ویب ڈیسک) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ پاکستان کی مسلح افواج کے سپہ سالار ہونے کے ساتھ ساتھ کروڑوں عام شہریوں کی طرح کرکٹ کے بھی دیوانے نکلے۔ جنوبی افریقہ کے نجی دورے کے دوران انھوں نے شاہینوں کے ڈریسنگ روم کا دورہ کیا، کرکٹرز جنرل قمر باجوہ کو اچانک اپنے درمیان پا کر خوشگوار حیرت میں مبتلا ہو گئے۔

رپورٹ کے مطابق اس دوران آرمی چیف نے میچ سے متعلق ٹیکنیکل معلومات اور ٹپس پر گفتگو کی، قومی کھلاڑی جنرل قمر باجوہ کی کرکٹ پر گہری نظر اور جامع تبصرے پر حیران ہوتے رہے۔ سپہ سالار جب ٹیم کے اسسٹنٹ مینیجر اور سابق کرکٹر منصور رانا سے ملے تو ان کے والد اور معروف پاکستانی امپائر شکور رانا کا تذکرہ کیا۔ انھوں نے منصور کے چچا سلطان رانا کی بھی تعریف کی جو اپنے دور کے بہترین کرکٹر اور فیلڈنگ میں خصوصی مہارت کی شہرت رکھتے تھے۔ 

ٹیم مینیجر طلعت علی نے میڈیا کو بتایا کہ سویلین کپڑوں میں ملبوس آرمی چیف ون ڈے سیریز کا فائنل میچ دیکھنے سٹیڈیم کے وی آئی پی باکس میں موجود تھے کہ انھوں جنرل قمر باجوہ کو ڈریسنگ روم کے دورے کی دعوت دی تا کہ کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہو سکے۔

آرمی چیف نے کھلاڑیوں سے گفتگو میں مزید کہا کہ وہ خود بھی کرکٹ کھیلتے رہے ہیں اور اس کھیل کے آج بھی اتنے ہی بڑے فین ہیں۔