رانچی: (ویب ڈیسک) بھارتی کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی قوانین کی دھجیاں اڑا دیں، آسٹریلیا کے خلاف تیسرے ون ڈے میچ سے قبل کھلاڑیوں میں فوجی ٹوپیاں بانٹی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق پلواما حملے کے بعد بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے نام ای میل میں پاکستان کو دہشت گرد ملک قرار دلوانے کی کوشش کی جس پر اسے منہ کی کھانی پڑی تاہم یہ ہزیمت اٹھانے کے باوجود بی سی سی آئی اب بھی پاکستان کے خلاف ورلڈ کپ 2019ء میں 16 جون کو شیڈول میچ سے بھاگنے کے لیے اپنی حکومت کے پیچھے چھپنے کی کوشش کی اور یہ کہا کہ پاکستان کےخلاف میچ حکومتی اجازت سے مشروط ہوگا۔
اب بھارتی کرکٹ بورڈ مودی سرکار کے اس جنگی جنون کو کھیلوں کے میدان میں بھی کھینچ لائی ہے اور آسٹریلیا کے خلاف تیسرے ون ڈے میچ سے قبل کھلاڑیوں میں فوجی ٹوپی تقسیم کی گئی۔
کھیل کے میدان میں جنگی جنون لانے پر سابق کرکٹرز اور ماہرین کی جانب سے بھارتی کرکٹ بورڈ پر شدید تنقید کی جا رہی ہے اور اب سب کی نظریں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل پر جمی ہوئی ہیں کہ وہ بی سی سی آئی کی اس حرکت پر کوئی ایکشن لیتی ہے یا اس کے ڈر سے خاموش بیٹھی رہتی ہے۔
یاد رہے کہ برطانوی آل رانڈر معین علی نے جولائی 2014ء میں بھارت کے خلاف ٹیسٹ میچ کے دوران فلسطینیوں کی حمایت میں کلائی پر خصوصی ہینڈ بینڈ پہن رکھے تھے جن میں سیو غزہ اور فری فلسطین تحریر تھا۔
معین علی کے اس عمل کا میچ ریفری ڈیوڈ بون نے نوٹس لیا تھا۔ سماعت کے بعد ڈیوڈ بون نے اپنے فیصلے میں کہا کہ معین علی کرکٹ کے میدان سے باہر ذاتی حیثیت سے اپنے جذبات کا اظہار کرنے میں مکمل آزاد ہیں تاہم میدان میں انہیں ایسا کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
#TeamIndia will be sporting camouflage caps today as mark of tribute to the loss of lives in Pulwama terror attack and the armed forces
— BCCI (@BCCI) March 8, 2019
And to encourage countrymen to donate to the National Defence Fund for taking care of the education of the dependents of the martyrs #JaiHind pic.twitter.com/fvFxHG20vi
ادھر انڈین کرکٹ بورڈ بی سی سی آئی کے ٹویٹر اکاؤنٹ پر کہا گیا ہے کہ انڈین کرکٹرز نے پلوامہ حملے میں ہلاک ہونے والے فوجیوں کی یاد میں فوجی ٹوپیاں پہنچی تھیں۔