شارجہ : (ویب ڈیسک) آسٹریلیا نے پہلے ون ڈے میچ میں پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر پانچ میچز کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔
پاکستان نے پہلے میچ میں آسٹریلیا کو جیت کیلئے 281 رنز کا ہدف دیا جو اس نے باآسانی 2 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 5 ون ڈے میچوں کی سیریز کا پہلا میچ شارجہ میں کھیلا گیا۔
پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 280 رنز بنائے۔
میچ میں قومی ٹیم کے کپتان شعیب ملک نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ قومی ٹیم کی جانب سے امام الحق اور شان مسعود نے اننگز کا آغاز کیا لیکن نویں اوور میں پاکستان کو پہلا نقصان اس وقت ہوا جب امام الحق ناتھن لیون کی گیند پر ان ہی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔
پاکستان کے دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی شان مسعود تھے جو 40 رنز بنا کر کولٹر نائل کی گیند پر بولڈ ہوئے۔
کپتان شعیب ملک 11 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ حارث سہیل ناقابل شکست 101 رنز بناکر نمایاں رہے، عمر اکمل 49 اور شان مسعود 40 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
آسٹریلیا کی جانب سے کولٹر نائل اور گلین میکس ویل نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
میچ شروع ہونے سے قبل کرائسٹ چرچ کی مساجد میں ہونے والے دہشت گرد حملے میں شہید اور زخمی ہونے والوں کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی۔