واحد ٹی ٹونٹی میچ میں پاکستان کو شکست، انگلینڈ 7 وکٹوں سے فاتح

Last Updated On 06 May,2019 03:50 pm

کارڈف: (دنیا نیوز) پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے میزبان انگلینڈ کی ٹیم کو 174 رنز کا ہدف دیا تھا جو اس نے صرف 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

کارڈف میں کھیلے گئے واحد ٹی ٹونٹی میچ میں انگلینڈ کی ٹیم نے پاکستان کو شکست سے دوچار کر دیا ہے۔ انگلینڈ کی جانب سے جے ایم ونس نے 36، جوئے روٹ نے 47، جے ایل ڈینلے نے 20 اور بی ایم ڈکیٹ نے 9 رنز کی اننگز کھیلی۔ کپتان مورگن نے 5 چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 51 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی۔

انگلینڈ کی ٹیم نے انیس اعشاریہ دو اوورز میں صرف 3 وکٹوں کے نقصان پر 175 رنز بنائے اور سیریز کا واحد ٹی ٹونٹی میچ اپنے نام کیا۔

پاکستان کی جانب سے باؤلرز نے انتہائی مایوس کن کارکردگی دکھائی اور بلے بازوں کا راستہ روکنے میں ناکام رہے۔ عماد وسیم، شاہین آفریدی اور حسن علی نے صرف ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ شاہنیوں نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 173 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے بابر اعظم اور فخر زمان میدان میں اترے۔ اس میچ میں اوپنر فخر زمان نے ایک مرتبہ پھر مایوس کن کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور صرف 7 رنز پر ہی آؤٹ ہو کر واپس لوٹ گئے۔

قومی ٹیم کی جانب سے بابر اعظم نے 65 اور حارث سہیل نے 50 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ دیگر کھلاڑیوں میں امام الحق 7، آصف علی 3 اور فہیم اشرف نے 16 رنز بنائے۔ عماد وسیم نے 3 چوکوں کی مدد سے 18 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔

انگلینڈ کی جانب سے آرچر نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ ٹی کے کورن اور جورڈن نے ایک ایک کھلاڑی کو پویلین بھیجا۔