لاہور: (دنیا نیوز) ورلڈ کپ 2019 کیلئے 15 رکنی حتمی سکواڈ کا اعلان کر دیا گیا. چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کہا ہے کہ ورلڈ کپ سکواڈ میں 3 تبدیلیاں کی گئی ہیں، سرفراز احمد قومی ٹیم کے کپتان ہوں گے۔ ڈاکٹرز نے شاداب خان کو کلیئر کر دیا ہے وہ ورلڈ کپ کھیلیں گے۔
قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ٹیم میں 3 تبدیلیاں کر رہے ہیں، فہیم اشرف، عابد علی اور جنید خان کو ورلڈ کپ سکواڈ سے آوٹ کر دیا گیا ہے اور ان کی جگہ محمد عامر، وہاب ریاض اور آصف علی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔
انضمام الحق کا کہنا تھا کہ سرفراز احمد ہی ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی قیادت کریں گے، ڈاکٹرز نے شاداب خان کے ٹیسٹ کے بعد کلئیر قرار دے دیا ہے، اب وہ ورلڈ کپ میں پرفارمنس دکھائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہاب ریاض سینئر اور تجربہ کار باولر ہیں۔ محمد عامر سب سے زیادہ تجربہ کار ہے اس لئے موقع دیا گیا۔ عابد علی کو ٹیم سے باہر کرنے کا فیصلہ آسان نہیں تھا۔
چیف سلیکٹر نے کہا کہ حالیہ سیریز میں پاکستانی باولرز کو بھی اتنی مار پڑی جتنی انگلینڈ کے باولرز کو پڑی، فرق صرف فیلڈنگ میں آیا، ہمارے فیلڈرز نے بہت کیچ چھوڑے۔ کل کے میچ میں اگر دو رن آوٹ نہ ہوتے تو رزلٹ کچھ اور ہوتا۔نئے پندرہ رکنی سکواڈ میں فخرزمان، آصف علی، بابر اعظم، حارث سہیل، محمد حفیظ، سرفراز احمد، شعیب ملک، عماد وسیم، شاداب خان، حسن علی، محمد عامر، امام الحق، محمد حسنین، شاہیں آفریدی اور وہاب ریاض شامل ہیں۔