لاہور: (دنیا نیوز) قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر محمد عامر انگلینڈ کے خلاف ہونے والے پانچواں میچ بھی نہیں کھیل پائیں گے۔
دنیا نیوز ذرائع کے مطابق ٹیم مینجمنٹ نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ فاسٹ باؤلر کو پانچواں میچ نہیں کھلایا جائے گا کیونکہ محمد عامر اس وقت کمزوری کا شکار ہیں۔ اس موقع پر انہیں کھلایا جانا جلد بازی ہوگی۔
ذرائع کے مطابق محمد عامر کی ورلڈکپ میں شمولیت پر بھی سوالیہ نشان لگ گیا ہے کیونکہ وہ انگلینڈ کے خلاف ہونے والی سیریز میں کارکردگی دکھا کر میگا ایونٹ میں شمولیت حاصل کر سکتے تھے تاہم اس دوران وہ پوری سیریز میں ایک بھی میچ نہ کھیل پائے۔ ورلڈکپ کے لیے قومی ٹیم کا اعلان آئندہ چند روز میں کر دیا جائے گا۔
یاد رہے کہ فاسٹ باؤلر محمد عامر کو چکن پاکس کی بیماری ہوئی تھی جس کے بعد ساؤتھمپٹن میں موجود پاکستانی کرکٹرز باؤلر کی بیماری کا جان کر خوف میں مبتلا ہو گئے تھے۔ خدشہ ظاہر کیا گیا کہ یہ مرض کسی اور کھلاڑی کو بھی لگ سکتا ہے، اس لئے محمد عامر کو فوری طور پر لندن میں ان کے سسرال منتقل کر دیا گیا جہاں اُنہیں الگ تھلگ کمرے میں رکھا گیا ہے ۔