لاہور: (دنیا نیوز) سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ شکستوں کو بھول چکے، ہماری نظریں میگا ایونٹ کے دوران فتوحات پر مرکوز ہیں۔ کالی آندھی کے خلاف میچ میں ٹاس جیتے تو پہلے بیٹنگ کو ترجیح دوں گا اور فتح ہمارا مقصد ہے۔ محمد عامر کی فٹنس پر افواہیں مسترد کرتے ہوئے کپتان کا کہنا تھا کہ وہ ٹیم کا حصہ ہونگے۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے کپتان کا کہنا تھا کہ نئے جوش و جزبے سے ویسٹ انڈیز کیساتھ میچ کھیلیں گے۔ پلینگ الیون کو دیکھتے ہوئے فیصلہ کیا ہے کہ پانچویں نمبر پر بیٹنگ کروں گا۔ ہماری بیٹنگ بری نہیں، پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کھیلنا کا سٹائل مختلف ہے۔
ہارڈ ہٹر بیٹسمین آصف علی کی بیٹی کی وفات پر ان کا کہنا تھا کہ ان کی بیٹی کے لیے دعا گو ہوں، پلیئر کی فیملی بڑے صدمے سے گزر رہی ہے۔ کپتان کا کہنا تھا کہ محمد عامر فٹ ہیں اور میچ کھیلنے کے لیے تیار ہیں، وہ ہماری باؤلنگ کے ٹرمپ کارڈ ہیں۔ ان کی فٹنس کے حوالے سے رپورٹیں صرف افواہیں ہیں۔ شلوار قمیص پہنے جانے کے سوال کے بعد ان کا کہنا تھا کہ شلوار قمیص ہمارا قومی لباس ہے، اس کا مقصد قومی تشخص کو اجاگر کرنا تھا۔
دوسری طرف ورلڈکپ میں پاکستان اورویسٹ انڈیز کی ٹیمیں کل ٹکرائیں گی۔ گرین شرٹس اٹیکنگ کرکٹ کیساتھ شکستوں کے بھنور سے نکل کر کیربین ٹیم کو ہرانے کے لیے پرعزم ہے، کپتان نے قومی ٹیم کو خطرناک دیدیا اور فاسٹ باؤلر محمد عامر کی فٹنس کے حوالے سے افواہوں کو رد کر دیا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان میچ پاکستانی وقت کے مطابق اڑھائی بجے شروع ہو گا۔
میچ ٹرینٹ برج نونٹگھم میں کھیلا جائے گا، میچ ہائی سکورنگ ہونے کا قوی امکان ہے۔ پاکستان نے انگلینڈ کےخلاف چوتھے ون ڈے میچ میں یہاں 340 رنز بنائے تھے۔ ویسٹ انڈیز کے کپتان جیسن ہولڈر نے کرس گیل، آندرے رسل سے توقعات لگا لیں۔
پاکستان کی ممکنہ پلینگ الیون ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے، اوپننگ امام الحق اور فخر زمان کرینگے۔ ون ڈائون کا محاذ رنز مشین بابر اعظم سنبھالیں گے، حارث سہیل اور محمد حفیظ بھی شاندار کارکردگی دکھانے کیلئے پر عزم ہیں تاہم دونوں میں سے کسی ایک کو کھلانے کا فیصلہ میچ سے قبل کیا جائے گا۔ کپتان سرفراز احمد بھی میچ میں شاندار کارکردگی کیلئے پر عزم ہیں۔
سینئر بیٹسمین شعیب ملک بھی ٹیم کی امیدوں کے محور ہونگے۔ ڈیتھ اوورز میں آصف علی بھی ہارڈ ہٹنگ کرتے نظر آئینگے۔ آل ائونڈر عماد وسیم اور شاداب خان حریف ٹیم پر اپنی دھاک بٹھانے کیلئے پر عزم ہیں۔ فاسٹ باؤلنگ میں حسن علی، محمد عامر وہاب ریاض کی پلینگ میں شمولیت متوقع ہے ۔
دوسری طرف ویسٹ انڈیز کی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہو سکتی ہے۔ کرس گیل، ایون لوئس، شائی ہوپ، شیمرون ہٹمائر، ڈیرن براوو، جیسن ہولڈر، آندرے رسل، ایشلے نرس، کیماروچ، شیلڈن کورٹریل کی پلینگ الیون میں شمولیت یقینی ہے۔ فاسٹ باؤلنگ میں اوشان تھامس اور گیبرائل میں سے کسی ایک کو کھلایا جائے گا۔
ویسٹ انڈیز کے کپتان جیسن ہولڈر میگا ایونٹ میں دوسری بار کپتانی کرتے نظر آئیں گے اور میچ میں جیت کیلے پر عزم ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کرس گیل اور آندرے رسل سے توقعات ہیں، دیگر کھلاڑی بھی شاندار کارکردگی دکھانے کے خواہشمند ہیں۔