ورلڈکپ میں 10 مقابلے: 7 بار ویسٹ انڈیز، 3 بار پاکستان جیتا

Last Updated On 31 May,2019 08:12 am

لاہور: (بلال عقیل سے ) ورلڈ کپ 2019 میں پاکستان آج اپنا پہلا میچ ویسٹ انڈیز کیخلاف کھیلے گا، دونوں ٹیمیں اس سے قبل عالمی کپ میں 10 بار آمنے سامنے آئیں، ویسٹ انڈیز کو 7 فتوحات ملیں جبکہ پاکستان 3 میچ جیت سکا۔ 1975 میں پہلے ورلڈ کپ میں ویسٹ انڈیز نے قومی ٹیم کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک وکٹ سے شکست دی اور 1983 میں 8 وکٹوں سے ہرایا۔

1987 کے ورلڈکپ میں دونوں ٹیموں کے درمیان 2 میچز کھیلے گئے، ایک میچ پاکستان نے ایک وکٹ سے جیتا، دوسرے میچ میں ویسٹ انڈیز نے 28 رنز سے کامیابی حاصل کی۔ قومی ٹیم 1992 ورلڈ کپ کی فاتح رہی لیکن لیگ میچ میں ویسٹ انڈیز نے قومی ٹیم کو 10 وکٹوں سے مات دی تھی۔

1996 میں دونوں ٹیموں کا مقابلہ نہیں ہوا۔ 1999 میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 27 رنز سے قابو کرلیا۔ 2003 کے ورلڈ کپ میں بھی دونوں ٹیموں کا کوئی میچ شیڈول نہیں تھا۔ 2007 کے ورلڈ کپ میں ویسٹ انڈیز نے ہوم گراؤنڈ پر 54 رنز سے شاہینوں پرغلبہ پایا۔ 2011 میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 10 وکٹوں سے ہرایا۔ 2015 میں ویسٹ انڈیز نے 150 رنز کے مارجن سے پاکستان کو مات دی۔

قومی ٹیم نے ورلڈ کپ کے کسی میچ میں ویسٹ انڈیز کیخلاف زیادہ سے زیادہ 266 رنز بنائے ہیں جبکہ کم از کم سکور 113 رہا۔ ویسٹ انڈیز نے زیادہ سے زیادہ 310 اور کم سے کم 112 رنز سکور کئے۔ دونوں ٹیمیں ورلڈکپ کیلئے متوازن ہیں اور کرکٹ ماہرین کی رائے ہے کہ اس بار مقابلہ بہت ہی دلچسپ ثابت ہوگا۔ حالیہ پرفارمنس کی بات کی جائے تو دونوں ٹیموں کی کارکردگی اچھی نہیں رہی۔