ورلڈکپ: ویسٹ انڈیز ’’پاکستانی امداد‘‘ کیساتھ گرین شرٹس کیساتھ ٹکرائے گی

Last Updated On 28 May,2019 04:29 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) ورلڈکپ کے افتتاحی میچ میں ویسٹ انڈیز ’’پاکستانی امداد‘‘ کے ساتھ گرین شرٹس کیساتھ ٹکرائے گی۔ ورلڈ کپ کا آغاز 30 مئی سے ہو رہا ہے جبکہ قومی ٹیم 31 مئی کو کالی آندھی کیخلاف پہلا میچ کھیلے گی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق مشتاق احمد ایک بار پھر ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے ساتھ بطور اسسٹنٹ کوچ فرائض انجام دے رہے ہیں۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے خلاف پہلے میچ نے انہیں مشکل میں ڈال دیا ہے لیکن پیشہ وارانہ طور پر وہ ویسٹ انڈیز ٹیم کے ساتھ مخلص ہیں۔

سابق لیگ سپنر کا کہنا تھا کہ میرا دل پاکستانی ہے اور ہمیشہ رہے گا لیکن پیشہ وارانہ طور پر ویسٹ انڈیز ٹیم کے ساتھ مخلص ہوں، جب انگلینڈ ٹیم کے ساتھ تھے ان کی کوشش ہوتی تھی کہ جب پاکستان کے خلاف میچ ہو وہ کم ہی بولیں۔ اب بھی کم بولوں گا لیکن جب کھلاڑیوں کو ضرورت ہو گی تو کیریبین ٹیم کی پوری طرح سے مدد کرونگا۔

مشتاق احمد کا کہنا تھا کہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم پاکستان پر اٹیک کرنے کی کوشش کرے گی کیونکہ جارحانہ انداز سے ہی اسے کامیابی ملے گی، ٹیم میں چار، پانچ فاسٹ بولرز کی رفتار 90 سے اوپر ہے اور وہ باﺅنسرز کرنا جانتے ہیں اور پاکستان ٹیم کو باؤنسی گیندوں سے ہی دباﺅ میں لائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ گیل اور رسل کے آنے سے ویسٹ انڈیز کی بولنگ بھی مضبوط ہوئی ہے، شے ہوپ بھی اچھی بیٹنگ کر رہے ہیں اس لیے میں سمجھتا ہوں کہ ویسٹ انڈیز کی بیٹنگ پاکستان ٹیم کے لیے مشکلات پیدا کر سکتی ہے۔