کرکٹ پر حکمرانی، ورلڈکپ کی افتتاحی تقریب بکنگھم پیلس میں ہو گی

Last Updated On 29 May,2019 09:06 am

لاہور: (دنیا نیوز) کرکٹ پر حکمرانی کیلئے 12 ویں ورلڈکپ کی افتتاحی تقریب آج انگلینڈ کے بکنگھم پیلس میں ہو گی۔ میگا ایونٹ کا آغاز جمعرات کو ہو گا۔ پانچویں بار عالمی کپ کی میزبانی کرنے والا انگلینڈ کبھی فاتح عالم نہیں بنا جبکہ پانچ بار کی عالمی چیمپئن آسٹریلوی ٹیم اعزاز کا دفاع کرے گی۔

دنیا نیوز کے مطابق ٹورنامنٹ کے دوران آسٹریلوی ٹیم ٹائٹل کا دفاع کریگی، ڈیڑھ ماہ تک کھیلنے جانے والے ورلڈ کپ میں 10 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لئے پنجہ آزمائی کرینگی جن میں آسٹریلیا، انگلینڈ، پاکستان، جنوبی افریقہ، نیوزی لینڈ، سری لنکا، بنگلہ دیش، افغانستان، بھارت اور ویسٹ انڈیز شامل ہیں۔

میگا ایونٹ میں شامل دس ٹیمیں 11 وینیوز پر کھیلیں گی اور انکے درمیان فائنل سمیت48 میچز کھیلے جائینگے۔ میگا ایونٹ کے لیے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ افتتاحی میچ میں انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں آمنے سامنے ہونگی۔

پاکستان ٹیم 31 مئی کو ویسٹ انڈیز کے خلاف اپنی مہم کا آغاز کریگی، یہ میچ ناٹنگھم میں کھیلا جائیگا اور پاکستانی وقت کے مطابق دن دو بج کر 30 منٹ پر شروع ہوگا۔ ایونٹ میں شریک 10 ٹیمیں سنگل لیگ کی بنیاد پر ایک دوسرے کے خلاف ایک ایک میچ کھیلیں گی۔ ہر ٹیم پہلے مرحلے میں ایک دوسرے کے خلاف 9 میچز کھیلے گی جس کے بعد 4 بہترین ٹیمیں سیمی فائنل مرحلے کیلئے کوالیفائی کریں گی۔

میگا ایونٹ کا پہلا سیمی فائنل میچ 9 جولائی کو مانچسٹر میں کھیلا جائے گا۔ دوسرا سیمی فائنل میچ 11 جولائی کو برمنگھم میں کھیلا جائیگا۔ دو فائنلسٹ ٹیموں کے درمیان فائنل میچ 14 جولائی کو لندن میں کھیلا جائے گا۔ میگا ایونٹ انتظامیہ نے سیمی فائنلز اور فائنل میچ میں بارش کے باعث متاثر ہونے والے میچز کے لئے ریزرو ڈے بھی رکھے ہیں۔ میگا ایونٹ کا فائنل میچ 14 جولائی کو کھیلا جائے گا۔