لندن: (دنیا نیوز) ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں ذلت آمیز شکست کے بعد انگلینڈ میں موجود پاکستانی ٹیم کا حوصلہ بلند کرنے لگے۔ شائقین کا کہنا ہے کہ ہار جیت کھیل کا حصہ ہے تاہم ہمیں آئندہ میچ میں بھرپور واپسی کرنا ہوگی۔
دنیا نیوز کے نمائندے اظہر جاوید سے بات کرتے ہوئے شائقین کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم کی کارکردگی سے مایوس ہوئے ہیں لیکن امید نہ تھی کہ اتنی بری طرح سے ہاریں گے۔ ہم تھوڑی بہت فائٹ کرنی چاہیے تھی لگ ایسا رہا ہے کہ ٹیم نے محنت نہیں کی جس کی وجہ سے ہارے۔
شائقین کا کہنا تھا کہ امید ہے پاکستان آئندہ میچ میں فائٹ بیک کرے گا، ہار جیت کھیل کا حصہ ہے۔ میگا ایونٹ کے دوران جو ٹیم محنت کرے گی وہ جیتے گی، کیریبین ٹیم کی باؤلنگ نے پاکستانی بیٹنگ کی کمزوری کا فائدہ اٹھایا، شروع میں فاسٹ باؤلرز نے گرین شرٹس کو شارٹ گیندیں کرائیں جو ان سے کھیلی نہیں گئیں۔
شائقین کامزید کہنا تھا کہ مسلسل وکٹیں گرنے کے بعد قومی ٹیم کے دیگر بیٹسمین بھی دبائو میں آ گئے یک دم ساری ٹیم ڈھیر ہو گئی۔ اگر ٹیم 100 رنز مزید بنا لیتی تو میچ میں فائٹ ہونی تھی اور پاکستان یہ میچ جیتنے کی پوزیشن میں آ سکتا تھا۔
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان دوسرے میچ کے بارے میں بات کرتے ہوئے شائقین کا کہنا تھا کہ ہمیں انگلینڈ کو ہر حال میں ہرانا چاہیے، ایک شائق کا کہنا تھا کہ پاکستان صرف ٹی 20 میچ جیت سکتا ہے ون ڈے میچ جیتنا ہماری ٹیم کے بس میں نہیں ہے۔ ہار کے باوجود ہم ہر بار اپنی ٹیم کو سپورٹ کرتے رہیں گے۔
خاتون تماشائی کا کہنا تھا کہ ہم پاکستانی ہیں اور اپنی ٹیم کو سپورٹ کریں گے، ہار جیت کھیل کا حصہ ہے، آئندہ میچ میں قومی ٹیم کم بیک کرے گی اور مضبوط انگلینڈ ٹیم کو ہرا سکتی ہے۔ دو گھنٹوں میں میچ کے خاتمے سے نا امیدی ہوئی اگر 50 اوورز ٹیم کھیلتی تو میچ میں سنسنی دیکھنی کو ملنا تھی۔