ورلڈکپ: متعدد بدترین ریکارڈ قومی ٹیم کے سر سج گئے

Last Updated On 01 June,2019 09:14 am

لندن: (ویب ڈیسک) ورلڈکپ میں ویسٹ انڈیز سے میچ ہارنے کے بعد متعدد بدترین ریکارڈ قومی ٹیم کے سر سج گئے۔ ورلڈ کپ میں ویسٹ انڈیز کےخلاف پہلے ون ڈے میں پوری ٹیم محض 21.4 اوور میں 105 رنز بنا کر پویلین لوٹی۔ یہ پاکستانی ٹیم کی ورلڈ کپ کی تاریخ کی مختصر ترین اننگز تھی۔

کرکٹ کی مشہور ویب سائٹ کے مطابق ورلڈ کپ میں ایک میچ کے دوران پاکستان کی طرف سے بنایا گیا دوسرا کم ترین سکور بھی تھا، اس سے قبل قومی ٹیم 1992ء کے ورلڈ کپ میں انگلینڈ کےخلاف ایڈیلیڈ کے مقام پر 74 رنز پر ڈھیر ہوئی تھی۔ 1999ء میں آسٹریلیا کیخلاف 132 رنز بنا کر آئوٹ ہوئی تھی، 2007ء کے مشہور زمانہ میچ میں آئر لینڈ کیخلاف 132 رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی۔ 2003ء میں انگلینڈ کیخلاف ٹیم نے 134 پر ہتھیارڈال دیئے تھے۔

اُدھر سرفراز الیون نے 46 سالہ ون ڈے کرکٹ کی تاریخ کا بدترین ریکارڈ بنا ڈالا۔ گرین شرٹس کو ویسٹ انڈیز کے خلاف ورلڈ کپ کے پہلے مقابلے میں ہار کا سامنا کرنا پڑ ا تو یہ مسلسل 11 ویں ناکامی تھی، اس سے قبل سابق کپتان عمران خان کی قیادت میں88 ۔1987ء میں گرین شرٹس کو مسلسل 10 ون ڈے میچز میں شکستوں کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

گرین شرٹس نے آخری میچ دورۂ جنوبی افریقہ میں جیتا تھا، کینگروز اور انگلینڈ کیخلاف شکستوں کا سامنا کرنا پڑا، اس سے قبل عمران خان کی قیادت میں 30 اکتوبر 1987ء سے 30 مارچ 1988ء کے دوران گرین شرٹس کو مسلسل 10 ون ڈے میچز میں ناکامیوں کا منہ دیکھنا پڑا تھا۔