ٹائنٹن: (دنیا نیوز) آئی سی سی ورلڈ کپ 2019ء کے 23ویں میچ میں ویسٹ انڈیز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ پچاس اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 321 رنز بنائے تھے۔
بنگلا دیش کے کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور ویسٹ انڈیز کو پہلے بلے بازی کی دعوت دی۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے ہوپ 96، لوئس 70 اور ہیٹمائر 50 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ بنگلا دیش کی جانب سے محمد سیف الدین اور مستفیض الرحمان نے 3، 3 جبکہ شکیب الحسن نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
322 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگلا دیش کے کھلاڑی جوانمردی سے آگے بڑھے اور بظاہر ناممکن ٹارگٹ کو اپنی کامیاب حکمت عملی سے حاصل کر لیا۔
بنگلا دیش کی فتح میں شکیب الحسن نے انتہائی اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے 99 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 16 چوکوں کی مدد سے 124 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی۔
لٹن داس نے بھی جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 69 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 8 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 94 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔ دیگر بلے بازوں میں تمیم اقبال 48 جبکہ سومیا سرکار 29 رنز بنا سکے۔
بنگلا دیش کی ٹیم نے 322 رنز کا بڑا ہدف صرف تین وکٹوں کے نقصان پر اکتالیس اعشاریہ تین اوور میں حاصل کیا۔ بنگالی ٹائیگرز نے دوبارہ فارم میں آکر بڑی بڑی ٹیموں کیلئے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔