لاہور:(دنیا نیوز) کرکٹ ورلڈ کرکپ میں پوائنٹس ٹیبل پر انگلینڈ پہلے، آسٹریلیا دوسرے اور نیوزی لینڈ تیسرے نمبر پر ہے، پاکستان کی پوزیشن نویں نمبر پر برقرار ہے۔ میگا ایونٹ میں بھارت سے شکست کے بعد پاکستان میگا ایونٹ میں اب بھی ان ہے لیکن سیمی فائنل میں رسائی کیلئے بات اگر مگر کی کہا نی تک پہنچ گئی ہے۔
کرکٹ ورلڈ کپ کے 24 میچ مکمل، آدھا سفر تمام ہوا، میگا ایونٹ کے پوائنٹس چارٹ پر انگلینڈ نے افغانستان کو ہرا کر پہلی پوزیشن پر قبضہ جما لیا۔ آسٹریلیا دوسرے، نیوزی لینڈ تیسرے، بھارت چوتھے اور بنگلہ دیش پانچویں نمبر پر ہے۔ پوائنٹس چارٹ پر سری لنکا کا چھٹا نمبر، ویسٹ انڈیز ساتویں، جنوبی افریقہ آٹھویں، پاکستان کی نویں اور افغٖانستا ن کی دسویں پوزیشن ہے۔
بلے بازی کے شعبے میں بنگلہ دیش کے شکیب الحسن 384 رنز بنا کر پہلے، جوروٹ 367 رنز کے ساتھ دوسرے، آسٹریلیا کے ایرون فنچ کا 347 رنز بنا کر تیسرا نمبر ہے۔
باؤلنگ کے شعبے میں محمد عامر 13 وکٹوں کے ساتھ پہلے، مچل اسٹارک دوسرے اور انگلینڈ کے جوفرا آرچر کی تیسری پوزیشن ہے۔ دوسری طرف ورلڈ کپ ٹرافی کی دوڑ سے پاکستان ابھی آؤٹ نہیں ہوا، اس کی سیمی فائنل تک رسائی مشکل ہے، ناممکن نہیں۔
بھارت سے شکست کے بعد قومی ٹیم کیلئے ایک بار پھر اگر مگر کی کہانی شروع ہو گئی ہے، اگر نیوزی لینڈ، آسٹریلیا اور بھارت اپنے آنیوالے میچ ہار جائیں اور پاکستان اپنے چاروں میچ جیت جائے تو سیمی فائنل میں پہنچ سکتا ہے۔ اگر ایک میچ بھی ہار گیا تو اگلے مرحلے میں رسائی مشکل ہو جائے گی۔ گرین شرٹس کو تمام میچز میں جان لگانا ہو گی، بیٹنگ، باؤلنگ اور فیلڈنگ میں خامیوں کو دور کرنا ہو گا، تب ہی بات بنے گی ورنہ واپسی کا ٹکٹ کٹانا پڑے گا۔