مانچسٹر: (دنیا نیوز) آئی سی سی ورلڈ کپ کے 24ویں میچ میں انگلینڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ پچاس اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 397 بنائے تھے۔
انگلینڈ کی اننگز کی خاص بات کپتان این مورگن کی دھواں دار بیٹنگ تھی۔ انہوں نے اس تاریخ ساز میچ میں ویسٹ انڈیز کے جارحانہ بلے باز کرس گیل کے سب سے زیادہ چھکوں کا ریکارڈ توڑا۔ انہوں نے گیل کے 16 چھکوں کے جواب میں 17 چھکے مارے۔
این مورگن نے انتہائی تیز رفتاری سے بلے بازی کرتے ہوئے صرف 71 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 17 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 148 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی۔
انگلینڈ کے دیگر بلے بازوں میں بیرسٹو نے 99 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 8 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 90 رنز بنائے جبکہ جوئے روٹ نے 82 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 5 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 88 رنز کی اننگز کھیلی۔
افغانستان کی جانب سے گلبدین نیب نے 10 اوورز میں 68 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں اور اپنی ٹیم کی جانب سے کامیاب گیند باز رہے۔ برٹش کھلاڑیوں نے راشد خان کی خوب درگت بنائی۔ انہوں نے اپنے 9 اوورز میں 110 رنز دے جبکہ 11 چھکے اور 3 چوکے بھی کھائے۔
انگلینڈ کے 398 رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں افغانستان کے کھلاڑی بے بس نظر آئے۔ افغان کھلاڑیوں نے مقررہ پچاس اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 247 رنز بنائے۔ یوں انگلینڈ نے افغانستان کو شکست دے کر 150 رنز کے بڑے مارجن سے فتح اپنے نام کی۔ افغانستان کی جانب سے حشمت اللہ شہیدی 76، رحمت شاہ، 46 جبکہ اصغر افغان 44 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
انگلینڈ کے گیند بازوں راشد اور آرچر نے تین تین جبکہ ایم اے ووڈ نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔