ورلڈ کپ: آسٹریلیا نے بنگلہ دیش کی باؤلنگ کو تختہ مشق بنا ڈالا، 48رنز سے فاتح

Last Updated On 20 June,2019 11:00 pm

لندن: (دنیا نیوز) ورلڈ کپ میں آسٹریلیا نے بنگلہ دیش کی باؤلنگ کو تختہ مشق بنا ڈالا۔ دفاعی چیمپئن نے حریف ٹیم کو 48 رنز سے ہرا دیا۔ ڈیوڈ وارنر نے میگا ایونٹ کے دوران دوسری تھری فیگر اننگز کھیلی۔ عثمان خواجہ اور کپتان فنچ کی نصف سنچریوں کی بدولت کینگروزنے 381 رنز کا پہاڑ کھڑا کیا۔ سومیا سرکار نے تین شکار کیے۔ ہدف کے تعاقب میں بنگال ٹائیگر 333 رنز بنا سکے۔ مشفیق الرحمن نے 102 رنز کی ناٹ آؤٹ کی مزاحمتی باری کھیلی۔ مچل سٹارک، سٹونز، کولٹر نائل نے 2.2 وکٹیں لیں۔

بنگلہ دیش کی اننگز۔۔۔۔

 

بنگال ٹائیگرز کی طرف سے اننگز کا آغاز تمیم اقبال اور سومیا سرکار نے کیا۔ شروع سے ہی جارحانہ عزم اپنانے والے سومیا سرکار جلد پویلین لوٹ گئے۔ 10 رنز بنا کر حریف کپتان ارون فنچ کی گیند پر رن آؤٹ ہو گئے۔ 102 رنز پر شکیب الحسن سٹونز کی گیند پر ہمت ہار بیٹھے۔ انہوں نے 41 گیندوں پر 41 رنز کی اننگز کھیلی۔

 

تیسرا نقصان اوپنر تمیم اقبال کا اٹھانا پڑا جو 74 گیندوں پر 62 رنز بنا سکے اور حریف فاسٹ باؤلرز مچل سٹارک کی شاندار گیند پر بولڈ ہو گئے۔ چوتھی وکٹ لٹن داس کی گری، بیٹسمین 20 رنز پر سپنر ایڈم زمپا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ پانچویں کھلاڑی محمود اللہ آؤٹ ہوئے۔ انہوں نے 50گیندوں پر 69 سکور کی باری کھیلی۔ اس اننگز میں 5 چوکے اور تین چھکے شامل تھے۔ کولٹر نائل نے کمنز کی مدد سے پویلین بھیجا۔

بنگلہ دیش کو چھٹا نقصان صابر رحمن کی شکل میں اٹھانا پڑا جب وہ پہلی ہی گیند پر کولٹر نائل کا نشانہ بن گئے۔ مہدی حسن میراز 6 رنز پر مچل سٹارک کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ مشفیق الرحمن نے ون ڈے کرکٹ میں اپنی ساتویں سنچری بنائی اور102 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی۔

مقررہ اوورز میں بنگلہ دیش کی ٹیم 333 رنز بنا سکی۔ کینگروز کی طرف سے کولٹر نائل، سٹونز اور مچل سٹارک نے 2.2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

آسٹریلیا کی اننگز۔۔۔۔

اس سے قبل کینگروز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ ارون فنچ اور ڈیوڈ وارنر نے اننگز کا آغاز کیا اور ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے گراؤنڈ کے چاروں اطراف شاندار شارٹس لگائے۔ پہلا نقصان 121 رنز پر کپتان ارون فنچ کی شکل میں اٹھانا پڑا، انہوں نے 51 گیندوں پر 53 سکور بنائے اور سومیا سرکار کا نشانہ بن گئے، اس اننگز میں 5 چوکے اور 2 چھکے شامل لگائے۔

ڈیوڈ وارنر نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے میگا ایونٹ کے دوران اپنی دوسری سنچری مکمل کی۔ اس تھری فیگر اننگز میں لیفٹ ہینڈز بیٹسمین نے دو بلند بالا چھکے اور 8 چوکے لگائے۔ یہ ان کی کیریئر کی 16 ویں سنچری تھی۔ ان کی باری کا اختتام سومیا سرکار نے کیا، انہوں نے 147 گیندوں پر 14 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے 166 رنز کی ذمہ دارانہ باری کھیلی۔

تیسرا وکٹ عثمان خواجہ کی گری جو 72 گیندوں پر 89 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ چوتھا نقصان گلین میکسیویل کی صورت میں اٹھانا پڑا انہوں نے 10 گیندوں پر 32 رنز بنائے۔ اس اننگز میں انہوں نے 3 چھکے اور دو چوکے لگائے اور روبل حسین کی گیند پر رن آؤٹ ہوئے۔ پانچویں شکار سٹیو سمتھ بنے جو ایک رن بنا کر مستفیض الرحمن کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔

مارکس سٹونز17، کیری نے 11 رنز بنائے۔ آسٹریلیا نے مقررہ اوورز میں 381 رنز بنائے۔ بنگلہ دیش کی طرف سے سومیا سرکار نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ مستفیض الرحمن نے ایک شکار کیا۔