لندن: (ویب ڈیسک) بھارتی ٹیم کے اوپنر شیکر دھون انگوٹھے کی انجری کے باعث ورلڈکپ سے باہر ہونے کی تصدیق کر دی گئی۔ بیٹسمین کے متبادل کے طور پر رشب پانٹھ کو ٹیم میں شامل کر لیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق شیکھر دھون انگوٹھا ٹوٹنے کی وجہ سے تین ہفتے کیلئے ورلڈ کپ سے باہر ہو گئے تھے۔ ڈاکٹرز نے انہیں کم سے کم تین ہفتے آرام کا مشورہ دیا تھا تاہم وہ انجری سے چھٹکارا نہ پا سکے اور ورلڈکپ سے آؤٹ ہو گئے۔
بی سی سی آئی کا کہنا ہے کہ اوپنر اب مکمل طور پر ورلڈکپ سے باہر ہو گئے ہیں، بھارت کو افغانستان، ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے خلاف میچز کھیلنے ہیں۔ شیکھر دھون ورلڈکپ میں بھارت کے اہم ہتھیار ہیں اور انہوں نے آسٹریلیا کے خلاف 117 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور میچ کے بہترین کھلاڑی بھی قرار پائے تھے۔
شیکھر دھون آئی سی سی ایونٹس میں بھارت کے بہترین بلے باز ثابت ہوئے ہیں اور اب تک آئی سی سی ایونٹس میں20 اننگز میں4نصف سنچریاں اور 6سنچریاں سکور کرچکے ہیں۔ انہوں نے ورلڈ کپ 2015ء میں بھی 2سنچریاں بنائی تھیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق شیکھر دھون کے متبادل کے طور پر وکٹ کیپر بیٹسمین رشب پانٹھ کو شامل کیا گیا ہے۔ اوپننگ کی ذمہ داری روہت شرما کے ساتھ لوکیش راہول سنبھالیں گے۔ یاد رہے کہ بھارتی حکام نے دھون کے انجرڈ ہونے کے بعد رشب پانٹھ کو میگا ایونٹ میں شامل کرنے کے لیے آئی سی سی حکام کو درخواست تھی، وکٹ کیپر بیٹسمین نے ٹیم کو انگلینڈ میں جوائن کر لیا ہے۔