لارڈز: (دنیا نیوز) قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ قومی کھلاڑی ان کے اعتماد پر پورا اترے اور مقررہ پچاس اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 308 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے فخر زمان اور امام الحق میدان میں اترے اور شاندار کھیل پیش کیا۔ دونوں کھلاڑیوں نے انتہائی ذمہ داری سے کھیلتے ہوئے ٹیم کے سکور کو آگے بڑھایا۔
اوپنرز شاندار کھیل کا مظاہرہ کر رہے تھے کہ عمران طاہر کی بال پر فخر زمان نے شاٹ اٹھائی اور ہاشم آملہ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے، فخر 44 رنز بنا سکے۔ ان کے بعد بابر اعظم کریز پر آئے۔
پاکستان کی دوسری وکٹ 98 پر گری جب سپنر عمران طاہر نے اپنی ہی گیند پر امام الحق کا کیچ پکڑ کر انھیں واپسی کی راہ دکھائی۔ امام الحق نے 6 چوکوں کی مدد سے 44 رنز کی اننگز کھیلی۔
پاکستان کی تیسری وکٹ 143 پر گری جب محمد حفیظ سوئپ شارٹ کھیلنے کی کوشش میں ایڈن مارکرم کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے، انہوں نے صرف 20 رنز ہی بنائے۔
اس کے بعد بابر اعظم اور حارث سہیل کی جوڑی نے مل کر پاکستانی ٹیم کے سکور کو آگے بڑھایا اور خوب ذمہ داری سے کھیلے۔ پاکستان کی چوتھی وکٹ 224 کے سکور پر گری جب بابر اعظم ایک اونچی شارٹ کھیلنے کی کوشش میں اپنا کیچ دے بیٹھے۔ بابر اعظم نے اس میچ میں بھی شاندار کھیل پیش کیا اور 7 چوکوں کی مدد سے 69 رنز بنائے۔
پاکستان کی چھٹے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی وہاب ریاض تھے، جو صرف 4 رنز بنا کر بولڈ ہوئے۔ پاکستانی اننگز کی خاص بات نوجوان بلے باز حارث سہیل کی شاندار واپسی تھی، انہوں نے اس میچ میں اپنا انتخاب درست ثابت کرتے ہوئے انتہائی پراعتماد طریقے سے بیٹنگ کی۔
حارث سہیل نے صرف 59 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 9 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 89 رنز کی اننگز کھیلی۔ تاہم آخری اوور میں ایک اونچی شارٹ کھیلنے کی کوشش میں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ پاکستان نے مقررہ پچاس اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 308 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے 309 رنز کے ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقا کی بیٹنگ جاری ہے اور اس نے 8 وکٹوں کے نقصان پر 245 سے زائد رنز بنا لیے ہیں۔
قبل ازیں ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ آج کا میچ ہمارے لئے بہت اہم ہے، پہلے پرفارمنس خراب رہی، اب اچھی کارکردگی دکھا کر میچ جیتنے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئی ہیں، شاہین آفریدی اور حارث سہیل کو شامل جبکہ شعیب ملک اور حسن علی کو ڈراپ کیا گیا ہے۔
جبکہ پروٹیز کپتان ڈوپلیسی کا کہنا تھا کہ ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ پاکستان کو آسان ہدف نہیں سمجھتے، اچھا ہوا ٹاس ہار گئے، جیتتے تو پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت ہی دیتے۔
خیال رہے کہ ورلڈ کپ میں رہنے کے لئے سرفراز الیون کو آج سمیت تمام میچوں میں فتح درکار ہے تاہم ریکارڈ بک میں پروٹیز کا پلڑا بھاری ہے جنہوں نے چار میں سے تین میچوں میں بازی اپنے نام کی، ایک میں گرین شرٹس کامیاب رہے۔