ورلڈ کپ: بھارت نے افغانستان کو 11 رنز سے شکست دیدی

Last Updated On 23 June,2019 03:40 pm

ساؤتھمپٹن: (دنیا نیوز) ورلڈ کپ کے 28 ویں میچ میں بھارت کے 225 رنز کے ہدف کے تعاقب میں افغانستان کی ٹیم 213 سکور پر ہمت ہار بیٹھی۔ کوہلی الیون نے میچ 11 رنز سے جیت لیا۔ محمد شامی نے 4 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔ بمرا، چاہل ، پانڈیا نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ محمد نبی نے 52 سکور کی اننگز کھیلی۔ اس سے قبل بھارتی ٹیم نے کوہلی اور جادیو کی نصف سنچریوں کی مدد سے گرتے پڑتے سکور 224 تک پہنچایا۔ گلبدین نائب اور محمد نبی نے دو دو شکار کیے۔ شاندار باؤلنگ کرنے پر جسپریت بمرا مرد میدان قرار پائے۔

افغانستان کی اننگز۔۔۔
ہدف کے تعاقب میں افغانستان کی طرف سے اننگز کا آغاز حضرت اللہ زازائی اور گلبدین نائب نے کیا، زازائی 20 سکور پر 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ 64 سکور پر کپتان گلبدین نائب 27 رنز بنا کر چلتے بنے۔

29 ویں اوورز میں رحمت شاہ 106 کے مجموعی سکور پر 36 رنز بنا کر بمرا کی گیند پر چاہل کو کیچ دے بیٹھے، 106 پر ہی حشمت اللہ شہیدی 21 رنز پر بمرا کے ہاتھوں وکٹ گنوا بیٹھے۔ 130 سکور پر اصغر افغان 8 رنز بنا کر سپنرچاہل کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ نجیب اللہ زردان 21 رنز پر ہردیک پانڈیا کی گیند پر کریز چھوڑنے پر مجبور ہوئے۔ راشد خان 16 گیندوں پر 14 کی باری کھیل کر چاہل کی گیند پر سٹمپ آؤٹ ہو گئے۔ محمد نبی 52 رنز بنا کر محمد شامی کی گیند پر پانڈیا نے کیچ لیا۔ آفتاب عالم صفر پر محمد شامی کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔

افغانستان کی ٹیم 213 رنز بنا سکی۔ محمد شامی نے 4، پانڈیا، چاہل، بمرا نے 2.2 وکٹیں حاصل کیں۔
بھارت کی اننگز۔۔۔۔
اس سے قبل بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، اننگز کا آغاز روہت شرما اور لوکیش راہول نے کیا، پہلی وکٹ 7 رنز پر گری، روہت شرما ایک رن بنا کر مجیب الرحمان کا نشانہ بنے۔ 64 کے سکور پر راہول 30 رنز بنا کر محمد نبی کے ہاتھوں آؤٹ ہو گئے۔

کپتان کوہلی 67 رنز بنا کر محمد نبی کی گیند پر رحمت شاہ کو کیچ دے بیٹھے، وجے شنکر کو رحمت شاہ نے پویلین بھیجا، انہوں نے 41 گیندوں پر 29 رنز بنائے۔ ایم ایس دھونی نے بھی کچھوے کی چال کی طرح چلتے ہوئے اننگز کھیلی اور 52 گیندوں پر 28 رنز بنا سکے، راشد خان کی گیند پر اکرم علی خیل نے انہیں سٹیمپ آؤٹ کیا۔

ہردیک پانڈیا 9 گیندوں پر 7 رنز بنا کر آفتاب عالم کی گیند پر وکٹ کیپر کو کیچ دے بیٹھے، کیدر جادیو نے 68 گیندوں پر 52 سکور کی اننگز کھیلی اور گلبدین نائب کا شکار بن گئے۔ محمد شامی 1 رنز بنا کرگلبدین کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔

بھارت نے مقررہ اوورز میں 224 رنز بنائے۔ افغانستان کی طرف سے محمد نبی ، گلبدین نائب نے 2.2، مجیب الرحمن، آفتاب عالم، راشد خان، رحمت شاہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔