پاکستان کی جنوبی افریقا کیخلاف بیٹنگ جاری، 7 کھلاڑی آؤٹ

Last Updated On 23 June,2019 06:15 pm

لندن: (دنیا نیوز) پاکستان ٹیم کو ورلڈ کپ میں آج بقا کی جنگ لڑنا ہوگی، لارڈز میں جنوبی افریقہ سے میچ ہر صورت جیتنا ہوگا، میچ سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا.

اوپنرز فخر زمان اور امام الحق کریز پر آئے، پہلے اوور میں فخر زمان نے چوکے کی مدد سے بااعتماد بیٹنگ کا آغاز کیا جس کے بعد دونوں بلے بازوں نے 12 ویں اوور کے اختتام تک 10 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 67 سکور بنائے۔ فخر زمان نے 5 چوکے ایک چھکا اور امام الحق نے پروٹیز باولرز کو 5 چوکے لگائے۔ اوپنرز شاندار کھیل کا مظاہرہ کر رہے تھے کہ عمران طاہر کی بال پر فخر زمان نے شاٹ اٹھائی اور آملہ کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے، فخر 44 رنز بنا سکے۔ ان کے بعد بابر اعظم کریز پر آئے، 16 ویں اوور کے اختتام تک پاکستان نے 88 سکور بنائے تھے۔

پاکستان کی دوسری وکٹ 98 پر گری جب سپنر عمران طاہر نے اپنی ہی گیند پر امام الحق کا کیچ پکڑ کر انھیں واپسی کی راہ دکھائی۔ امام الحق نے 6 چوکوں کی مدد سے 44 رنز کی اننگز کھیلی۔

پاکستان کی تیسری وکٹ 143 پر گری جب محمد حفیظ سوئپ شارٹ کھیلنے کی کوشش میں ایڈن مارکرم کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے، انہوں نے صرف 20 رنز ہی بنائے۔

اس کے بعد بابر اعظم اور حارث سہیل کی جوڑی نے مل کر پاکستانی ٹیم کے سکور کو آگے بڑھایا اور خوب ذمہ داری سے کھیلے۔ پاکستان کی چوتھی وکٹ 224 کے سکور پر گری جب بابر اعظم ایک اونچی شارٹ کھیلنے کی کوشش میں اپنا کیچ دے بیٹھے۔ بابر اعظم نے اس میچ میں بھی شاندار کھیل پیش کیا اور 7 چوکوں کی مدد سے 69 رنز بنائے۔


پاکستان کے پانچویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی عماد وسیم تھے جنہوں نے 23 رنز بنائے۔ اس وقت پاکستان کا سکور 295 رنز تھا۔
 

قبل ازیں ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ آج کا میچ ہمارے لئے بہت اہم ہے، پہلے پرفارمنس خراب رہی، اب اچھی کارکردگی دکھا کر میچ جیتنے کی کوشش کریں گے۔ ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئی ہیں، شاہین آفریدی اور حارث سہیل کو شامل، شعیب ملک اور حسن علی کو ڈراپ کیا گیا ہے۔

پروٹیز کپتان ڈوپلیسی کا کہنا تھا کہ ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، پاکستان کو آسان ہدف نہیں سمجھتے، اچھا ہوا ٹاس ہار گئے، جیتتے تو پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت ہی دیتے۔

ورلڈ کپ میں اِن رہنے کے لئے سرفراز الیون کو آج سمیت تمام میچوں میں فتح درکار ہے تاہم ریکارڈ بک میں پروٹیز کا پلڑا بھاری ہے جنہوں نے چار میں سے تین میچوں میں بازی اپنے نام کی، ایک میں گرین شرٹس کامیاب رہے۔