(ویب ڈیسک) ورلڈکپ میں نیوزی لینڈ نے جیت کے سلسلے کو برقرار رکھتے ہوئے ویسٹ انڈیز کو 5 رنز سے شکست دے دی۔ اس فتح کے ساتھ نیوزی لینڈ پوائنٹس ٹیبل پر پہلے نمبر پر آگئی ہے۔
نیوزی لینڈ کے 291 رنز کے جواب میں ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم 286 رنز پر ڈھیر ہوگئی، بریتھ وردھی نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 101 رنز بنائے تاہم وہ ٹیم کو جیت سے ہمکنار نہ کرواسکے اور آخری اوور میں چھکا لگاتے ہوئے کیچ آؤٹ ہوگئے۔
اوپنر کرس گیل نے 87 رنز ،ہوم اور پوران نے ایک ایک،ہتھمیر54 اور ہولڈر صفر پر آؤٹ ہوئے جب کہ نرس ایک، لیوس صفر،روچ 14 اور کوٹریل 15رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے بولٹ نے سب سے زیادہ 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ فرگوسن نے 3،ہینری، نیشن اور گرینڈ ہوم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل ویسٹ انڈین کپتان نے ٹاس جیتا اور بولنگ کو ترجیح دیتے ہوئے بلیک کیپس کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ ویسٹ انڈین بولر کوٹریل نے کپتان کے فیصلے کو درست ثابت کرتے ہوئے پہلے ہی اوورز میں اوپنرز کو پویلین کی راہ دکھا دی، گپٹل اور منرو صفر پر آؤٹ ہوئے۔
ابتدائی نقصان کے بعد کپتان ولیمسن اور راس ٹیلرنے محتاط انداز میں اننگز کو آگے بڑھایا اور دونوں بلے بازوں میں 160 رنز کی قیمتی پارٹنرشپ قائم ہوئی، جنوبی افریقا کیخلاف مرد میدان قرار پانے والے ولیمسن نے ایک بار پھر کپتانی اننگز کھیلتے ہوئے 148 رنز بنا کر ٹیم کو نہ صرف مشکلات سے نکالا بلکہ ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم بھی بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
نیوزی لینڈ نے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں پر 291 رنز بنائے، راس ٹیلر 69،لیتھم 12،گرینڈ ہو م 16، سنٹنر 10 اور جمی نیشن 28رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔