لندن: (دنیا نیوز) ورلڈ کپ کا چالیسواں میچ آج بھارت اور بنگلا دیش کے مابین برمنگھم میں جاری ہے، بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جس کے بعد اوپنرز راہول اور شرما میدان میں اترے ہیں. آج کے میچ میں بنگال ٹائیگرز کو لازمی فتح درکار ہے، ناکامی ٹورنامنٹ سے باہر کر دے گی.
بھارت اور بنگلہ دیش آج برمنگھم میں نبرد آزما ہیں، ٹاس بھارت نے جیتا اور پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ اس کے اوپنرز کے ایل راہول اور آر جی شرما نے کریز سنبھالی اور 20 ویں اوور کے اختتام تک 4 چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے 122 سکور بنائے۔ اس دوران بنگلا دیشی باولرز کوئی وکٹ حاصل کرنے میں مکمل طور پر ناکام دکھائی دیئے، راہول نے 1چھکے اور 4 چوکوں کی مدد سے 63 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 56 اور شرما نے 3 چھکے اور 4 چوکے مار کر مجموعی سکورز میں 64 رنز کی اننگز کھیلی۔
انڈینز نے اب تک ایونٹ کے سات میچ کھیلے ہیں جن میں سے ٹیم انڈیا کو پانچ میں فتح اورایک میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ایک میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہو گیا۔ بھارت 11 پوائنٹس کے ساتھ ورلڈ کپ پوائنٹ ٹیبل پر دوسرے نمبر پر ہے جبکہ بنگلہ دیش 7 پوائنٹس کے ساتھ ساتویں پوزیشن پر موجود ہے۔
بنگلادیش نے بھی اب تک سات میچ کھیلے ہیں جن میں سے بنگال ٹائیگرز نے تین میں شکست اور تین میں کامیابی سمیٹی ہے، ایک میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہو گیا۔ سیمی فائنل کی امید برقرار رکھنے کیلئے میں بنگلہ دیش کو آج کا میچ ہر صورت جیتنا ہو گا، ناکامی ٹورنامنٹ سے باہر کر دے گی۔